ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑی لاہور جانے کو تیار‘

’پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑی لاہور جانے کو تیار‘

Sat, 04 Mar 2017 12:15:30    S.O. News Service

شارجہ، 3،مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں نے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں پاکستان آنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔خیال رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گذشتہ روز جاوید آفریدی کا ایک ویڈیوپیغام شیئرکیاگیاتھاجس میں وہ کہہ رہے تھے کہ ان کی ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑی لاہور میں ہونے والے فائنل میچ کے لیے تیارہیں۔ویڈیو پیغام میں ان کا یہ بھی کہناتھاکہ ان غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستانی ویزا بھی فراہم کر دیاگیاہے۔

تاہم اب یہ اسی صورت میں ہو سکے گا جب پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے پلے آف میچ کی فاتح ٹیم پشاور زلمی ہی ہو۔جاوید آفریدی نے پاکستان آنے کے لیے تیار غیر ملکی کھلاڑیوں کے نام نہیں بتائے، تاہم ان کاکہناتھا کہ ان کی ٹیم میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑی لاہور جانے کو تیار ہیں۔واضح رہے کہ جو غیر ملکی کھلاڑی اس وقت پشاور زلمی کا حصہ ہیں ان میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کپتان ڈیرن سیمی اور مارلن سیموئلز، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملان اور انگلینڈ کے سمت پٹیل اور کرس جارڈن شامل ہیں۔ان کے علاوہ انگلینڈ کے اوئن مورگن اور بنگلہ دیش کے تمیم اقبال اور شکیب الحسن بھی پشاور کی ٹیم کا حصہ تھے تاہم وہ پہلے ہی واپس جا چکے ہیں۔خیال رہے کہ پہلے پلے آف میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے پانچ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آ کر فائنل کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں جس کے بعد اسے نئے غیرملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کرناہوگا۔معذرت کرنے والے کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ٹائمل ملز، جنوبی افریقہ کے رائلی روسواور نیوزی لینڈ کے نیتھن میککلم شامل ہیں۔دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم کے اونر سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ وہ پشاور کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد ہی غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے کوئی اعلان کریں گے۔


Share: