کانگریس نے ’سنکلپ پتر‘کوجھوٹ کا پلندابتایا،لوک سبھاالیکشن میں کئے گئے وعدوں کی یاددلائی
لکھنؤ28جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے منشورکی جگہ جاری’لوک کلیان سنکلپ پتر‘کو جھوٹ کا پلندا قرار دیا ہے۔کانگریس کے ریاستی صدر راج ببر نے ہفتہ کو بی جے پی کے منشورپر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی جنتا پارٹی کا منشور مکمل طور جھوٹ کاپلندا ہے۔اپنے جھوٹ کو چھپانے کے لیے بی جے پی رام مندر کا راگ دوبارہ الاپ رہی ہے۔راج ببر نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی رام کو بھی دھوکہ دینے میں پیچھے نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں وعدہ کیا تھا کہ نوجوانوں کو سالانہ 2 کروڑ روزگار دیں گے لیکن تقریباََ3سال گزر چکے ہیں۔ 06کروڑ نوجوانوں کوروزگارملنا چاہئے، ان میں کتنے لوگوں کوروزگار انہوں نے دیئے ہیں، اس کا کوئی بھی ذکر امت شاہ نے منشورمیں نہیں کیا۔راج ببر نے کہا کہ نوٹ بندی کے دوران چھوٹے چھوٹے تاجروں کو کتنا نقصان ہوا اورکتنا روزگار ختم ہوگیا، اس کی بھی کوئی تجویز ان کے منشورمیں نہیں ہے۔امت شاہ کان کنی مافیاؤں کے خلاف ٹاسک فورس بنانے کا اعلان کر رہے ہیں لیکن سب سے زیادہ کان کنی چھتیس گڑھ،جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش میں ہورہی ہے، کیا ان تینوں ریاستوں کی بی جے پی حکومتوں نے کوئی ٹاسک فورس بنایاہے؟۔ یاچھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش میں کان کنی مافیاؤں پر پیچ کسنے کا کوئی پروگرام بی جے پی حکومتوں نے چلایاہے؟ بی جے پی نے ٹکٹ تقسیم میں مجرموں کو جگہ دی ہے کیا ان مجرموں کے سہارے ہی گڈاراج ختم کرنے کی بات منشورمیں کہی جا رہی ہے؟ بی جے پی کے منشور پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی جنرل سکریٹری و ترجمان سدھارتھ شریواستو نے کہا کہ 2014کے لوک سبھا انتخابات میں جو بی جے پی نے جو منشور جاری کیا تھا وہ مکمل طورپرغلط ثابت ہواہے۔مودی نے انتخاب سے قبل کئے گئے ایک بھی وعدہ کوپورانہیں کیاہے۔مودی نے کہا تھا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت بننے پر کسانوں کو سود سے پاک قرض ملے گا اور فصلوں کی لاگت کی بنیاد پر واجب قیمت مل جائے گی۔کالے دھن کے معاملے پر کہا تھا کہ کالا دھن بیرون ملک سے لائیں گے اور ہر ایک کے اکاؤنٹ میں 15لاکھ روپیہ ڈالیں گے۔یہ جملہ ثابت ہوا۔جس طرح بی جے پی نے عوام سے وعدہ کر انہیں جھنجھنا تھمانے کا کام کیا ہے اسی طرح عوام بھی اس بار اتر پردیش سمیت پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں انہیں جھنجھنا تھمائے گی۔