لکھنؤ:4/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پوروانچل ایکسپریس وے کو لے کر اتر پردیش میں سیاسی فضا میں تپش محسوس کی جاسکتی ہے ۔نریندر مودی کو آج ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنا ہے اگرچہ سابق وزیر اعلی اور ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے دعوی کیا کہ سماج وادی کے کام کو اپنا بتا کر بی جے پی حکومت عوام کے ساتھ دھوکہ دھڑی کرر ہی ہے ۔اکھلیش یادو نے یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران ریاست کی یوگی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ سماج وادیوں کے کام کو اپنا بتا کر حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ لکھنؤ آگرہ ایکسپریس وے کی مثال دیتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ سب سے کم وقت میں سماجوادی حکومت نے یہ ایکسپریس وے بنایا ہے، یہ ملک کی سب سے بہترین سڑک مانی گئی ہے۔ آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے جیسا ملک میں کہیں ایکسپریس وے نہیں بنایا گیا ہے ۔ جو ایک بار اس سڑک پر چلے گا وہ کہے گا کہ ہاں ہم سماجوادی حکومت اور سماج وادی پارٹی کو ووٹ دیں گے۔ ایس پی سربراہ نے کہا کہ جس وقت ایکسپریس وے کا افتتاح ہو رہا تھا، ملائم سنگھ یادو اور اعظم خاں موجود تھے۔ فضائیہ کے لڑاکا طیارے اترے۔ دوسری بار جب پریکٹس ہوا، تو اس حکومت (یوگی حکومت) کے لوگوں کی ہمت نہیں ہوئی کہ اس کو دیکھیں۔ ہم چاہتے تھے کہ ایکسپریس وے پوروانچل تک پہنچے۔ سماج وادیوں نے پورا الائنمنٹ طے کیا کہ پوروانچل خوشحالی کے راستے پر اترے۔ ہم یوپی کو ایکسپریس وے کے ذریعے ایک کونے سے دوسرے کونے تک جوڑنا چاہتے تھے۔ انہوں نے یوگی حکومت کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایکسپریس وے کے بارے میں جانے کیا کیا بھاشن دے رہے ہیں، عوام کو کتنا دھوکہ دیں گے؟ اخبار میں اشتہار دیکھا میں نے۔ اشتہارات دے دیا کہ 341 کلومیٹر بنا رہے ہیں۔