ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / یورپی یونین کی مدد سے مہاجرین کے لیے ملازمتوں کے مواقع

یورپی یونین کی مدد سے مہاجرین کے لیے ملازمتوں کے مواقع

Fri, 22 Jul 2016 17:56:01    S.O. News Service

برسلز22جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)یورپی یونین نے اردن کے ساتھ اپنے تجارتی قواعد میں نرمی کر دی ہے، جس کا مقصد ہزاروں شامی مہاجرین کو یورپی کمپنیوں میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کرناہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے یورپی سفارتکاروں کے حوالے سے بتایاہے کہ برسلزکی طرف سے اردن کے ساتھ اپنے تجارتی قواعد میں نرمی برتنے کے باعث مشرق وسطیٰ کی اس ریاست میں موجود شامی پناہ گزینوں کو ملازمتوں کے مواقع میسرآسکیں گے۔حقوقِ انسانی کی عالمی نتظیم آکس فیم نے کہاہے کہ دنیاکے چھ بڑی معیشتوں نے صرف2.1ملین مہاجرین قبول کیے ہیں، جو مہاجرین کی مجموعی تعداد کا صرف نوفیصدبنتاہے۔ بتایاگیاہے کہ اردن نے تسلیم کیا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے ایسی مراعات کے جواب میں وہ پناہ گزینوں کو یورپی کمپنیوں میں ملازمتیں فراہم کرنے کے حوالے سے عملی قدامات کرے گا۔یورپی یونین اوراردن کے حکام نے بتایا ہے کہ ایسی کمپنیاں جو ایک مخصوص تعداد میں مہاجرین کو ملازمتیں فراہم کریں گی، وہ اپنی متعددمصنوعات کی برآمد پر آئندہ دس برس تک مقابلتاََکم ٹیکس ادا کریں گی۔اس پیش رفت کو اردن کی اقتصادیات کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ساڑھے چھ لاکھ مہاجرین کی آمد کی وجہ سے حکومت کو بے تحاشا مالی اور انتظامی مشکلات کا سامنا ہے۔ شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث وہاں سے فرارہونے والے شہری کئی دیگر ہمسایہ ممالک کے علاوہ اردن میں بھی پناہ حاصل کیے ہوئے ہیں۔یورپی یونین اور اردن کے مابین اس ڈیل کو فروری میں لندن میں ہوئی ڈونرز کانفرنس کی پالیسی کی روشنی میں طے کیا گیا ہے۔ یورپی یونین کی کوشش ہے کہ شام کے ہمسایہ ممالک میں پناہ لیے ہوئے شامی مہاجرین کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنایا جائے تاکہ وہ مسائل سے بچنے کی خاطر یورپی ممالک کا رخ کرنے کی کوشش نہ کریں۔اعلیٰ یورپی سفارتکار یوہانس ہان Johannes Hahn نے اردن کے ساتھ طے پانے والی اس ڈیل کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا، مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے اردن کی کوششوں کے حوالے سے سودمند ثابت ہو گا۔اردن نے فی الحال شامی مہاجرین کو صنعتی اداروں اور برآمدی خطوں میں کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ اب ان کمپنیوں کو یہ اجازت بھی مل گئی ہے کہ وہ اپنی مجموعی افرادی قوت کے پچیس فیصد کے برابر تک مہاجرین بھرتی کر سکتی ہیں۔اردن کے وزیر منصوبہ بندی عماد فاخوری نے اس ڈیل کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک ایسی پیش رفت ہے، جس کے تحت شامی مہاجرین کے بحران کو ایک اقتصادی موقع میں تبدیل کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی مہاجرین اردن کی افرادی قوت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔فاخوری کے مطابق یورپی یونین نے اسی مقصد کے لیے سال دو ہزار سولہ اور سترہ کے دوران سات سو سینتالیس ملین یورو کے آسان قرضے اور مالی عطیات فراہم کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔اردن اب تک بیس ہزار شامی مہاجرین کو ورک پرمٹ جاری کر چکا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ کچھ برسوں کے دوران اٹھہتر ہزار مزید شامی مہاجرین کو اردن میں کام کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔یورپی یونین اور ترکی نے بھی مہاجرین کے بحران کے حل کے لیے ایک ڈیل کی ہے، جس کے تحت نہ صرف مالی بلکہ دیگر مراعات کے بدلے انقرہ حکومت مہاجرین کی یورپ آمد کے سلسلے کو روکنے کے لیے مصروف عمل ہے۔


Share: