یلاپور30؍مارچ (ایس او نیوز)پونے سے منگلورو کی طرف جارہے سپاری کے ایک تاجر پریلاپور ہلیال روڈ پرکنّے گیری کے قریب حملہ کرکے 17لاکھ روپے لوٹنے کی واردات30؍جنوری کو صبح کے وقت پیش آئی تھی۔اور یہ معاملہ یلاپور پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیاتھا۔
اب یلاپور پولیس اسٹیشن سے جاری بیان کے مطابق لوٹ کی اس واردات میں ملوث پتّور کے مختلف علاقوں کے رہنے والے4؍ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جن کے نام ابراہیم بن سلیمان(34 سال)،نذیر بن موسیٰ(32سال)، کے فاروق بن محمد کرجال(38سال) اورشمس الدین بن عمر (34سال) بتائے جاتے ہیں۔ یہ چاروں ملزمین پیشے سے ڈرائیور ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ سپاری کا ایک تاجر جب اپنے ساتھ سپاری کی فروخت سے حاصل ہونے والے17لاکھ روپے لے کرلاری میں پونے سے منگلورو کی طرف سفرکررہاتھا تو ان لوگوں نے کار پر اس کا پیچھا کیا اور کنّے گیر ی کے مقام پر اس کا راستہ روک کر حملہ آور ہوئے اور اس کے پاس موجود رقم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ملزمین کے قبضے سے لوٹی گئی رقم میں سے3,37,000/- روپے نقد،جرم انجام دینے کے لئے استعمال کی گئی اندازاًدولاکھ روپے قیمت کی مہیندرا کار اور 6موبائیل فون ضبط کیے ہیں۔پولیس کے بیان کے مطابق اس وارات میں ملوث مزید ملزمین اور ایک انووا کا رکے بارے میں بھی اسے معلومات حاصل ہوئی ہیں ۔ان ملزمین کو بھی جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
ڈکیتی کا یہ راز فاش کرنے اور ملزمین کو گرفتار کرنے میں یلاپور سرکل انسپکٹروجے برادر کی ٹیم نے ضلع ایس پی ونائک پاٹل، ایڈیشنل ایس پی مسٹر کے جی دیوراج،اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سرسی سب ڈیویژن ٹی ناگیش شیٹی کی رہنمائی میں سر گرم کارروائی انجام دی۔