بنگلور:7/جنوری(ایس او نیوز)شہر کے میجسٹک بس اسٹانڈمیں ایک بی ایم ٹی سی وولو بس کا شیشہ صاف کرنے میں مصروف ایک بس ڈرائیوربسوں کی زد میں آگیا۔ جس کے نتیجہ میں دو بسوں میں پھنس کر وہ جائے وقوع پر ہی ڈھیر ہوگیا۔متوفی ڈرائیور کی شناخت کنگیری بارھویں ڈپو کے ڈرائیور 40 سالہ رمیش کی حیثیت سے کی گئی ہے۔صبح ساڑھے چھ بجے کارخانے کے ملازمین کو لے جانے کیلئے میجسٹک بس ٹرمینل ون میں یہ اپنی بس روک کر شیشہ صاف کررہاتھا کہ اسی وقت اس کی بس اچانک چل پڑی۔ بتایاجاتاہے کہ بس کھڑی کرنے سے قبل اس نے ہینڈ بریک نہیں لگایا تھا، جس کے سبب اچانک یہ بس سامنے رکی ہوئی بس کی طرف چل پڑی اور یہ دونوں بسوں کے بیچ پھنس کر بری طرح زخمی ہوگیا۔ فوری طور پر اسے اسپتال لے جایا گیا، لیکن درمیان میں ہی اس کی موت ہوگئی۔ بتایاجاتاہے کہ رمیش منڈیا کا متوطن تھا اور روزانہ کام کیلئے منڈیا سے بنگلور آیا جایا کرتاتھا۔اپار پیٹ پولیس نے اس سلسلے میں ایک معاملہ درج کرلیا ہے اور جانچ کررہی ہے۔