نئی دہلی،25اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی ریلوے نے ریو اولمپکس میڈلسٹ پی وی سندھو اورساکشی ملک کو لگژری ’’مہاراجہ ایکسپریس ٹرین‘‘میں سفر کرنے کے لئے مفت ٹکٹ دینے کی پیشکش کی۔ریلوے نے اس سے پہلے ساکشی کے لئے 60لاکھ روپے کے نقد انعام کا اعلان بھی کیاتھا،جو شمالی ریلوے میں سینئر کلرک ہے۔سندھو کے والد بھی ریلوے میں کام کرتے ہیں جبکہ ان کی ماں ریلوے کی سابق ملازم ہیں۔ہندوستانی ریلوے نے تریپورہ کی جمناسٹ دیپا کرماکر کو بھی یہی پیشکش کی جو کافی قریب سے ریو اولمپکس میں تمغہ سے چوک گئی تھی۔آئی آر سی ٹی سی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اے کے منوچا نے کہا کہ ہمیں پہلوان ساکشی ملک اور سینئر شٹلر پی وی سندھو کو اعزاز دیتے ہوئے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے جنہوں نے ریو اولمپکس میں تمغہ جیت کر ملک کواعزازبخشا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دیپکا کرماکر کو بھی نوازتے ہوئے اتنا ہی فخر محسوس ہوا جو اولمپکس کی جمناسٹک مقابلے کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی بنی۔آئی آرسی ٹی سی نے ٹویٹ کیا کہ مبارک ہو پی وی سندھو، دیپکا کرماکر اور ساکشی ملک۔ہندوستانی ریلوے تمہیں مشہور مہاراجہ ایکسپریس کا دورہ دیتا ہے۔