وزارت خارجہ نے پاکستانی حکومت کے فیصلہ کی سخت تنقیدکی
نئی دہلی ، 15؍جولائی(یس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )برہان وانی کے مارے جانے کو لے کر کشمیری لوگوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لئے پاکستان کی جانب سے 19جولائی کویوم سیاہ منانے کا اعلان کئے جانے کے بعد ہندوستان نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اس اندرونی معاملے میں آگے دخل دینا اور دہشت گردی اور دوسری سرگرمیوں کو تعاون کے ذریعے خطے میں حالات کو غیر مستحکم کرنابندکرے۔وزارت خارجہ نے دہشت گردوں کی ستائش جاری رکھنے کو لے کر پاکستان پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ واضح کرتا ہے کہ پاکستان کی ان کے تئیں ہمدردی بنی ہوئی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات پر پاکستان کے کابینہ کے فیصلوں کو بھارت پوری طرح اور واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔سوروپ نے کہاکہ ہم اپنے اندرونی معاملات میں پاکستان کی جانب دخل دیے جانے کی کوششوں سے مایوس ہیں۔ہم ایک بار پھر دوہراتے ہیں کہ پاکستان یا کسی دوسرے بیرونی فریق کا کوئی حق نہیں بنتا۔پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے گئے برہان وانی کو آج ’’شہید‘‘قرار دیا اور کہاکہ 19جولائی کو کشمیری لوگوں کے ساتھ یکجہتی ظاہرکرنے کیلئے یوم سیاہ منایا جائے گا۔لاہور میں کشمیر میں حالات پر بحث کے لئے بلائی گئی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کو خود ارادیت کے حق کیلئے ان کی مناسب جدوجہد میں اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت دینا جاری رکھے گا۔