نئی دہلی، 8؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )آندھرا پردیش کے مسئلے پر لوک سبھا میں گزشتہ ہفتے بھر سے جاری ہنگامے اور نعرے بازی کے درمیان سماج وادی پارٹی کے مکھیاملائم سنگھ یادو آج اسپیکر سے ناراض نظرآئے اور کہا کہ اس طرح ہنگامے کے درمیان کس طرح ایوان چلایاجارہاہے۔اسپیکر سمترا مہاجن نے حالانکہ ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی بات ہوتی ہے تو سبھی پارٹیو ں کے لیڈروں کو بلا کر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔وقفہ صفر میں وائی ایس آر کانگریس کے اراکین کی طرف سے آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دئیے جانے کے مطالبہ کو لے کر جب اسپیکر کے سامنے نعرے بازی کی جا رہی تھی تواسی دوران ملائم سنگھ کھڑے ہوئے اوراسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی ہم لوگوں کو بھی بولنے کا موقع دیں۔اس پرجب اسپیکر نے ان کی بات کو ہنسی میں اڑانے کی کوشش کی تو ملائم سنگھ مشتعل ہو گئے۔انہوں نے کہاکہ آپ ہنسی میں ہماری بات کو ٹال رہی ہیں، جمہوریت بات چیت سے چلتی ہے، بڑے بڑے اسپیکر دیکھے ہیں ہم نے۔انہوں نے ایوان چلانے کے اسپیکر کے طور طریقوں پر بھی سوال کھڑا کیا ۔اس پر اسپیکر مہاجن سکتہ میں آ گئیں اور انہوں نے ناراضگی بھرے لہجہ میں کہاکہ آپ اس طرح بات مت کیجیے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کو بولنے کی اجازت نہ دینے کی بات کبھی نہیں کہی۔اسپیکرنے کہاکہ میں اصول وضوابط کی پیروی کر رہی ہوں جو خود ایوان نے بنائے ہیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ وہ سبھی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے بات چیت کرتی رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ دو باراس معاملے پر بول چکے ہیں اوریہ ممکن نہیں ہے کہ ہر مسئلے کا حل نکل جائے۔ملائم سنگھ نے کہاکہ انہیں بھی ایوان کا طویل تجربہ ہے اور وہ اسپیکرپریقین رکھتے ہیں لیکن اسپیکرکوپرواہ نہیں ہے کہ ہم اور باقی دیگر ممبران یہاں بیٹھے ہیں۔انہوں نے ایوان میں موجود وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ کی بہت بڑی ذمہ داری ہے، ہم کو بلا لیتے، ان (وائی ایس آرکانگریس کے رکن)کو بلا لیتے، ان کا مطالبہ جائز ہے ، تو مان لیجئے اور اگر ان کا مطالبہ جائز نہیں ہے تو انہیں مطمئن کیجیے۔ملائم نے جس وقت یہ معاملہ اٹھایا ،اس وقت کانگریسی رکن ایوان میں موجود نہیں تھے جو دلتوں پر مظالم کا مسئلہ اٹھانے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کر گئے تھے۔اسپیکر نے کہا کہ اس طرح تو وہ ایوان نہیں چلا سکتیں حالانکہ بعد میں صورتحال معمول پرآگئی اوروقفہ صفر جاری رہا۔