ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہر مسئلہ ہماری مداخلت سے نہیں حل ہو سکتا ، سیاست سے ہی بہتر ہوں گے کشمیر کے حالات:سپریم کورٹ 

ہر مسئلہ ہماری مداخلت سے نہیں حل ہو سکتا ، سیاست سے ہی بہتر ہوں گے کشمیر کے حالات:سپریم کورٹ 

Mon, 22 Aug 2016 20:06:00    S.O. News Service

نئی دہلی، 22؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے جموں وکشمیر کے موجودہ حالات کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی صدارت والی بنچ نے پیر کو کہا کہ یہ انتہائی پیچیدہ مسئلہ ہے اور سارے معاملے عدالت کی مداخلت سے حل نہیں ہو سکتے۔سپریم کورٹ نے درخواست گزار پینتھرز پارٹی کے کنوینر بھیم سنگھ سے کہاکہ وہ مرکزی حکومت کے ذمہ دار لوگوں سے مل کر انہیں اپنی تجاویزدیں۔عدالت میں موجود سالیسٹر جنرل رنجیت کمارنے اس کا بندوبست کرنے کا یقین دلایا۔معاملے کی اگلی سماعت جمعہ کو ہوگی۔کشمیر میں صدر راج کے نفاذ کے مطالبہ کے ساتھ جموں وکشمیر پینتھرز پارٹی نے درخواست داخل کی ہے۔پارٹی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ کشمیر کے موجودہ حالات انتہائی خراب ہے۔اس کو دیکھتے ہوئے سپریم کورٹ ریاستی گورنرکویہ ہدایت دے کہ وہ جموں و کشمیر آئین کے آرٹیکل92کے تحت ریاست میں حکومت کو تحلیل کر کے اقتدار کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لے لیں تاکہ ریاست کے لوگوں کی سلامتی ،بچاؤ اوربنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایاجا سکے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی وہاں صدر راج نافذ کرنے کامطالبہ مستردکرچکا ہے لیکن ریاست میں موجودہ حالات پر سماعت چل رہی ہے۔اس سے پہلے عدالت کی ہدایت پرمرکزی حکومت کشمیر پر اسٹیٹس رپورٹ داخل کر چکی ہے۔


Share: