ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہاسٹل میں زہر آلود کھانا کھانے سے تین بچوں کی موت،اعلیٰ سطحی جانچ کے احکامات صادر، ہاسٹل کا سربراہ کرن کمار گرفتار

ہاسٹل میں زہر آلود کھانا کھانے سے تین بچوں کی موت،اعلیٰ سطحی جانچ کے احکامات صادر، ہاسٹل کا سربراہ کرن کمار گرفتار

Fri, 10 Mar 2017 12:02:16    S.O. News Service

بنگلورو،9؍مارچ(ایس او نیوز) ٹمکور ضلع کے چکنائکناہلی تعلق کے ہلیار ٹاؤن میں واقع ودیا واردھی انٹرنیشنل اقامتی اسکول کے ہاسٹل میں زہر آلود کھانا کھانے کے نتیجہ میں تین بچوں کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی، جبکہ دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ متوفی بچوں کی شناخت دسویں جماعت کی طالبہ آکانکشا پلوی ، شانتا مورتی، اور آٹھویں جماعت کے شریاس کی حیثیت سے کی گئی ہے۔جبکہ سدرشن نامی ایک طالب علم اور سیکورٹی جوان رمیش کی حالت نازک بتائی گئی ہے، جو ٹمکور ضلع اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کل ہاسٹل میں چپاتی اورشلغم کی سبزی کے ساتھ انا سامبر تیار کیاگیا تھا ، اسے کھانے کے بعد یہ طلبا سخت بیمار ہوگئے اور ان کی حالت نازک ہوگئی، جس کے سبب کئی حلقوں میں شکوک وشبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ علاقہ کے سابق بی جے پی رکن اسمبلی کرن کمار کی ملکیت والی اسکول میں پیش آئے واقعہ کی ہلیار پولیس سختی سے جانچ کررہی ہے، بتایاجاتا ہے کہ کل رات کھاتے وقت ہی بعض طلبا نے شکایت کی تھی کہ کھانا کڑوا ہے، جس کی وجہ سے بیشتر طلبا نے کھانا نہیں کھایا۔ کھانا کھانے والے طلبا میں سے چار طلبا بیہوش ہوگئے، ان کو فوری طور پر قریبی ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا۔ جہاں ان کا علاج کرنے کی کوشش کی گئی۔ڈاکٹروں نے مشورہ دیا کہ فوری طورپر انہیں ضلع اسپتال لے جایاجائے۔اس سے پہلے کہ اسپتال پہنچتے راستے میں ہی تین بچوں نے دم توڑ دیا۔ یہ اقامتی اسکول جہاں تیسری سے دسویں جماعت کے بچوں کی تعلیم کا انتظام تھا۔ اس اسکول میں شریاس اور آکانکشا یہاں کے سری رامپور علاقہ کے ساکن تھے، جبکہ شانتا مورتی تمن ہلی سے تھا۔ ہاسٹل میں نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ ضلع کے ڈی سی کے پی موہن راج نے بتایاکہ ابتدائی جانچ کے ذریعہ یہ بات تو ثابت ہوچکی ہے کہ زہر آلود کھانا کھانے کی وجہ سے ہی ان بچوں کی موت ہوئی ہے، اس کی جانچ کے احکامات دئے گئے ہیں ، رپورٹ ملنے کے بعد خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضلع ہیلتھ آفیسر رنگا سوامی نے بتایاکہ اس اسکول کا چوتھا طالب علم سدرشن ضلع اسپتال میں اب بھی زیر علاج ہے۔ اس دوران ہاسٹل کے سربراہ کرن کمار نے بتایاکہ اس طرح بچوں کی موت کے سبب کئی شبہات پیدا ہوئے ہیں ،وہ پولیس کو اس سلسلے میں تمام معلومات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس واقعہ کے بعد بچوں کے والدین اور دیگر عوام نے اسکول کے انتظامیہ پر اپنے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ سدرشن اور سیکورٹی جوان جو ضلع اسپتال میں سخت علیل ہیں ان کا علاج کافی احتیاط سے کیاجارہا ہے۔ رات میں اسکول میں جو کھانا تیار ہوا تھا، جانچ کیلئے اسے لیاب روانہ کردیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے پی موہن راج نے ہلیار کا دورہ کیا اور معاملہ کی سختی سے جانچ کرنے کیلئے ضلع پولیس کو ہدایت جاری کی ۔ اڈیشنل ایس پی منجوناتھ کو اس مقام پر جانچ آگے بڑھانے کیلئے متعین کیاجاچکا ہے۔

سدرامیا کا اظہار رنج: چکنائکنا ہلی تعلق کے ہلیار میں واقع ودیا واردھی اقامتی اسکول میں تین بچوں کی ناگہانی موت کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اپنے گہرے صدمے کا اظہار کیا اور اس معاملے کی ضلع میجسٹریٹ کے ذریعہ جانچ کے احکامات صادر کردئے ہیں۔ سدرامیا نے کہاکہ اس واقعہ کی سختی سے جانچ کرنے کے بعد خاطیوں کے خلاف بلامروت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ضلع کے ایس پی کو ہدایت دی ہے کہ واقعہ کی جانچ مکمل ہونے کے بعد رپورٹ ان کے سامنے لائی جائے۔اس واقعہ کے بعد ہلیار میں اس اسکول میں مقیم بچوں کے والدین نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس واقعہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی۔ان والدین نے کہاکہ لاکھوں روپے اداکرکے انہوں نے اپنے بچوں کو اسکول میں داخلہ دلوایا تھا۔ بچوں کے ساتھ اگر اس طرح کی لاپرواہی برتی جاتی ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟۔


Share: