ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہائی کورٹ نے آپ حکومت، ایم سی ڈی سے ڈینگو پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کو کہا

ہائی کورٹ نے آپ حکومت، ایم سی ڈی سے ڈینگو پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کو کہا

Tue, 30 Aug 2016 17:41:08    S.O. News Service

نئی دہلی، 30؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی ہائی کورٹ نے آج آپ حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن کو قومی دارالحکومت میں مچھر وں سے پیدا ہونے والی بیماری ڈینگو کی روک کے لیے تمام احتیاطی قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے ۔چیف جسٹس جی روہنی اور جسٹس سنگیتا ڈھینگرے سہگل کی بنچ نے ایک عرضی کی سماعت کے دوران دہلی حکومت اور تینوں کارپوریشن( ایم سی ڈی)کو نوٹس جاری کرکے ان سے جواب مانگاہے ۔درخواست میں الزام لگایا ہے کہ افسران اس بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ کام نہیں کر رہے ہیں۔بنچ نے حکومت اور میونسپل کارپوریشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس بیماری پر قابوپانے کے لیے مدعا علیہان(حکومت اور میونسپل کارپوریشن )کو سبھی احتیاطی قدم اٹھانے ہوں گے۔ساتھ ہی بنچ نے اس سلسلے میں حکومت اور میونسپل کارپوریشن کو اس سمت میں اٹھائے گئے اپنے اقدامات کے سلسلے میں ایک مختصر حلف نامہ داخل کرنے کو بھی کہا۔عدالت نے اس سلسلے میں اگلی سماعت کے لیے اب 7 ؍ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔قومی دارالحکومت میں ڈینگو سے ہونے والی اموات اور بیماری کے معاملات کے پیش نظر وکیل شاہد علی نے ایک درخواست دائر کی تھی جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اس سال ڈینگو کے 320معاملے درج ہونے کے باوجود متعلقہ افسران مچھروں کے پنپنے یا بیماری کی روک تھام کے لیے بیدار نہیں ہوئے ہیں اور نہ ہی اس سلسلے میں اقدامات کر رہے ہیں۔ڈینگو کی وجہ سے اوکھلا سے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کی ایک رشتہ دار کی موت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈینگو بحران کو لے کر گزشتہ پانچ سالوں کے مقابلے میں اس سال دہلی سب سے برے دور کا سامنا کر رہی ہے کیونکہ اس سلسلے میں تینوں کارپوریشن بالخصوص جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن اور دہلی حکومت اپنے آئینی فرائض کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں، لہذا یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بیماری پر قابو پانے کے لیے مناسب اقدامات کریں۔


Share: