ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ہائی وے کے لئے تحویل اراضی کا معاملہ: اضافی معاوضہ کے لئے داخل کی گئیں 175عرضیاں 

ہائی وے کے لئے تحویل اراضی کا معاملہ: اضافی معاوضہ کے لئے داخل کی گئیں 175عرضیاں 

Wed, 26 Jul 2017 19:41:03    S.O. News Service

کاروار:26/جولائی (ایس او نیوز)منگلورو سے گوا تک نیشنل ہائی وے 66کو چارلین میں تبدیل کرنے کا جو منصوبہ زیر تکمیل ہے اس ضمن میں ضلع شمالی کینرا میں اب تک 105.97ہیکٹرنجی زمین کوتحویل میں لینے کا کام کیاگیا ہے،جس کے لئے 123.52کروڑ روپے معاوضے کے طور پر ادا کیے جاچکے ہیں۔    تازہ اطلاعات کے مطابق ادا کی گئی معاوضے کی رقم سے غیر مطمئن 175مالکان اراضی نے اضافی معاوضے کے لئے ضلع ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں قائم آربیٹریشن اتھاریٹی کے پاس اپیل دائر کی ہے۔ ان اپیل کنندگان میں زیادہ تر بھٹکل اور ہوناور تعلقہ کے مالکان اراضی شامل ہیں۔خیال رہے کہ اس توسیعی منصوبے کے تحت جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع شمالی کینرا کے بھٹکل، ہوناور، کمٹہ انکولہ اور کاروار تعلقہ جات سے 144.95ہیکٹر زمین کو تحویل میں لیا جائے گا۔جس 18.40 ہیکٹر زمین سرکاری ہے اوربقیہ 126.55ہیکٹر زمین نجی ملکیت والی ہے۔اب تک تحویل میں لی جاچکی زمین کے علاوہ اب1.95ہیکٹر سرکاری زمین اور37.03ہیکٹر نجی زمین تحویل میں لینا باقی ہے۔نجی مالکان کی طرف سے عدالت کے دروازے کھٹکھٹائے جانے کی وجہ سے تحویل اراضی کے کام میں رکاوٹ پید ا ہوگئی ہے۔
    معاوضے کی تقسیم سے متعلق بتایا گیا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کی طرف سے 265.16کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں جن میں سے اب تک 252.09کروڑ روپے مالکان اراضی میں تقسیم ہونے چاہیے تھے۔ لیکن اب تک صرف123.52کروڑ روپے ہی ادا کیے گئے ہیں اور مزید 141.64کروڑ روپے ادا کیے جانے باقی ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ اب تک معاوضے کے طور پر کاروارتعلقہ 25.01کروڑ روپے، کمٹہ 20.59کروڑ روپے،انکولہ 36.71 کروڑ روپے، ہوناور17.39کروڑ روپے اور بھٹکل تعلقہ میں 24.41کروڑ روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ خبر ملی ہے کہ دوہزار سے زیادہ افراد کی زمینیں تحویل میں لئے جانے کے بعد جن 175افراد نے اضافی معاوضے کے لئے اپیل دائر کی ہے اس پر آربٹریشن اتھاریٹی کی حیثیت سے ضلع ڈی سی کی طرف سے سماعت کا عمل شروع ہوگیا ہے۔


Share: