گوہاٹی،3؍اگست (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )گوہاٹی کے آسمان میں انڈگو کے دو طیارے فضا میں ٹکراتے ٹکراتے بچ گئے ۔اس واقعہ میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے کچھ مسافر اور عملہ کے اسٹاف اتنے خوفزدہ ہو گئے کہ انہیں طبی مدد کی ضرورت پڑی۔حکام نے بدھ کو یہ معلومات دی۔انڈگوایئرلائنس کے ترجمان نے بتایا کہ تقریبا چار مسافر اور عملہ کے دواسٹاف اس واقعہ سے بری طرح ہل گئے۔مسافروں نے چکر آنے کی شکایت کی جبکہ کیبن اسٹاف کو فرسٹ ایڈ دستیاب کرائی گئی۔یہ واقعہ منگل کی شام کا ہے جب انڈگو کی ممبئی سے گوہاٹی آنے والی فلائٹ گوپی ناتھ باردولوئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے ہی والی تھی، اسی وقت چنئی جانے والی انڈگو کی ایک دوسری فلائٹ نے پرواز بھری، یہ پہلے طیارے سے ٹکراتے ٹکراتے بچی ۔گوہاٹی کی طرف اڑان بھررہی فلائٹ میں مانسون کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوئی تھی، اس کی وجہ سے اس کو 250سے 300فٹ تک نیچے آناپڑاتھا،عین اسی وقت چنئی جانے والے طیارے نے اڑان بھری ۔ترجمان کے مطابق، طیارے نے آخر کار نارمل لینڈنگ کی، چار مسافروں اور دو کیبن عملہ کو طبی مدد فراہم کی گئی۔