بنگلورو:31/جولائی(ایس او نیوز) گؤ رکشکوں کی طرف سے ملک بھر میں کئے جارہے حملوں اور گائے کی حفاظت کی آڑ میں اقلیتوں اور دلتوں پر مبینہ حملوں اور بھیڑ میں ان لوگوں کو جان سے ماردینے کے واقعات کی مذمت کیلئے سوشیل ڈیموکریٹ پارٹی آف انڈیا کی طرف سے کل سے ملک بھر میں مذمتی مہم شروع کی جارہی ہے۔ یہ بات آج اس پارٹی کے سکریٹری اکرم حسن نے بتائی۔ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گؤ رکشکوں نے ملک میں نراج قائم کردیا ہے۔ ملک کی بیشتر ریاستیں جہاں فرقہ پرست حکومت اقتدار پر ہے وہاں نظم وضبط کا نظام پوری طرح بکھر چکا ہے۔ لوگوں کو خوف اور دہشت کے ماحول میں زندگی بسر کرنا پڑ رہا ہے۔ ان علاقوں کے عوام میں اعتماد پیدا کرنے کے مقصد سے یہ مہم ملک گیر پیمانے پر شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام سے گذارش کی جائے گی کہ اس انسانیت پرور مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اخباری کانفرنس میں کارپوریٹر مجاہد پاشاہ، بنگلور ضلع کے پارٹی عہدیداران وغیرہ موجود تھے۔