نئی دہلی، 3 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )قومی تفتیشی ایجنسی(این آئی اے)کیرالہ سے لاپتہ ہوئے ان لوگوؓ کے معاملے کی جانچ کا ذمہ جلد ہی سنبھالے گی جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس میں شامل ہو چکے ہیں۔کیرالہ پولیس نے اس معاملے میں اپنی تفتیش مکمل کرلی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کیرالہ پولیس نے مؤثر طریقے سے معاملے کی تحقیقات کی اور ریاست سے لاپتہ ہوئے کم سے کم21لوگوں کی نشاندہی کی۔لاپتہ ہوئے لوگوں میں سے 17کاسرگوڑ جبکہ چارپلکڑکے رہنے والے ہیں۔ان میں چارخواتین اورتین بچے شامل ہیں۔پلکڑ سے لاپتہ ہوئے چار لوگوں میں دو خواتین شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کیرالہ پولیس نے اپنے حصے کی تفتیش مکمل کر لی ہے اور بیرون ملک میں چھان بین کے لئے اب اس کا ذمہ این آئی اے کو تفویض کیا جا رہا ہے۔ان قواعد میں بیرون ملک سے بھی ثبوت جمع کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ہفتے ایک نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت کیرالہ پولیس کی جانب سے درج تمام نو معاملے این آئی اے کے حوالے کر دیے جائیں گے۔بہار کی ایک 29سالہ خاتون کی گرفتاری کے ساتھ ہی کیرالہ پولیس نے اپنی تفتیش مکمل کی۔اس عورت پر الزام ہے کہ وہ آئی ایس آئی ایس کے لئے نوجوانوں کی بھرتی میں شامل تھی۔خاتون کواس وقت گرفتارکیاگیا جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ کابل جانے والے طیارے میں سوار ہونے والی تھی۔اس کے شوہر کے بھی آئی ایس آئی ایس سے مبینہ تعلقات بتائے جا رہے ہیں۔عورت کی شناخت یاسمین احمد کے طور پر ہوئی ہے۔