نئی دہلی: 26/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سوراج انڈیانے دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے وزیراعلیٰ کیجریوال کے ہاؤس ٹیکس معاف کرنے کے وعدے کوایک شکست خوردہ لیڈر کا مایوسی بھرا بیان قرار دیا ہے۔سوراج انڈیاکے مطابق ایسالگتاہے کہ عام آدمی پارٹی کو یقین ہوگیاہے کہ تینوں میونسپل کارپوریشنوں میں سے کسی میں بھی وہ جیت کے کہیں بھی قریب نہیں ہے، اس لیے کچھ بھی فالتو کے وعدے کر رہی ہے۔کیجریوال جب کہتے ہیں کہ ہاؤس ٹیکس ختم کر کے وہ کارپوریشن میں خسارہ ختم کریں گے،تو اس سے ان کی انتظامی سمجھ کی پول بھی کھل جاتی ہے۔وزیر اعلی کیجریوال کو شاید ایسا لگتا ہے کہ ایسے بیان دے کر وہ دہلی کے لوگوں کوگمراہ کرسکتے ہیں۔سواراج انڈیا نے کہا کہ یہ وعدہ میونسپل کی کمر توڑنے والا قدم ہو گا۔ایسا کرنے سے دہلی کے عوام کو ایم سی ڈی سے اتنا بھی نہیں مل پائے گا جتنا اب تک ملتا آیا ہے۔پارٹی نے سوال کیا کہ اگر عام پارٹی کو ایسا لگتا ہے کہ وہ بغیر ٹیکس کے ایم سی ڈی چلا سکتی ہے، تو پارٹی اس بات کا کیوں نہیں اعلان کرتی ہے کہ اس ٹیکس کو ہٹا کر ریونیو کا جو نقصان ہر کارپوریشن کوہوگا،اس کی تلافی ریاستی حکومت کرے گی، اور یہ تلافی تو ریاستی حکومت آج بھی کر سکتی ہے۔وہیں دوسری طرف اس پرردِعمل کااظہارکرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے کہاکہ دہلی حکومت کے پاس اختیار ہے، وزیراعلیٰ نے کافی سوچ سمجھ کراعلان کیا ہے، مخالفین لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔