راج کوٹ، 22؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )گجرات کی بی جے پی حکومت کو دلت مخالف بتاتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے گؤ رکشا کارکنان کے ہاتھوں دلت کمیونٹی کی پٹائی کے واقعہ کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے آج ملاقات کی اور ریاستی انتظامیہ پر ساز باز کا الزام لگایا۔عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے دعوی کیا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اور پورے گجرات میں دلتوں پرمظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بی جے پی حکومت مظالم کا سلسلہ جاری رکھتی ہے تو اس کو سبھی کمیونٹیو ں کے ارکان کی طرف سے سبق سکھایاجائے گا۔کیجریوال نے راج کوٹ سرکاری اسپتا ل میں 11؍جولائی کے واقعہ کے متاثرین سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ پولیس کی موجودگی میں ایک تھانے کے سامنے پٹائی کا واقعہ پیش آیا ،جس کا مطلب ہے کہ یہ سب انتظامیہ کے اشارے پر ہو رہا ہے۔پولیس خاموش تماشائی کیوں بنی ہے؟ وہ شامل کیوں ہے؟ اس کا مطلب یہ ہے اعلی انتظامیہ سے کچھ ہدایات ملی ہیں۔کیجریوال نے الزام لگایاکہ گجرات کی بی جے پی حکومت دلتوں پر مظالم ڈھارہی ہے اور وہ دلت مخالف ہے۔ان کے دورے سے ایک دن پہلے کل کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے بھی متاثرین سے ملاقات کی تھی۔دو دن پہلے گجرات کی وزیر اعلی آنندی بین پٹیل بھی اس جگہ کا دورہ کر چکی ہیں۔دہلی کے وزیر اعلی نے اس معاملے میں منصفانہ جانچ کرانے کی ریاستی حکومت کی منشا پر بھی سوال اٹھایا ۔آپ کے قومی کنوینر نے کہا کہ صرف 17؍افراد گرفتار ہوئے ہیں جبکہ 11؍جولائی کے واقعہ میں تقریبا 40-50لوگ مبینہ طور پر شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ سریندر ضلع کے تھان گڑھ میں 2012میں پولیس فائرنگ میں دلتوں کی موت کے معاملے میں اب تک کوئی چارج شیٹ دائر نہیں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ 2012میں پولیس فائرنگ میں 3 دلتوں کی موت ہوگئی تھی۔
کیجریوال نے کہاکہ لو گوں کو خدشہ ہے کہ گرفتاریاں آنکھوں میں دھول جھونکنے والی ہو سکتی ہیں اور ملزمان کو بعد میں چھوڑا جاسکتا ہے۔کیجریوال نے ہیڈکانسٹیبل پنکج امریلیا کے قتل کے معاملے میں گرفتار دلت نوجوان کانتی ملجی والا سے راج کوٹ سرکاری اسپتا ل میں ملاقات کرکے تنازعہ پیدا کر دیا۔یہ پوچھے جانے پر کہ انہوں نے قتل کے ملزم سے کیوں ملاقات کی ؟۔انہوں نے کہا کہ وہ امریلی میں کانسٹیبل کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گجرات میں دلتوں پر ظلم روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔کیجریوال نے کہاکہ میں نے ان سے کہا کہ وہ خودکشی کیوں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دلتوں کے خلاف ظلم روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔اس کے بعد میں نے ان سے کہا کہ خودکشی حل نہیں ہے، ہمیں مل کر جنگ لڑنی ہو گی۔انہوں نے خودکشی کی کوشش کرنے والے نوجوانوں اور متاثرین کے لیے معاوضے اور سرکاری ملازمتوں کا مطالبہ کیا۔کیجریوال نے تمام ملزمان کے خلاف جلد کارروائی پر بھی زور دیا۔انہوں نے دعوی کیاکہ مجھے بتایا گیا ہے کہ حکام کی طرف سے تحریک چلانے والے دلت نوجوانوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں جیسا کہ انہوں نے پرامن پاٹیدارریزرویشن تحریک کے دوران کیاتھا۔