کنداپور :یکم/ اگست (ایس او نیوز) ماہی گیر ی کے دوران ایک اونچی لہر کی وجہ سے توازن کھوجانے کے بعد ماہی گیر سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ موصولہ تفصیل کے مطابق یہ واقعہ کمباشی کے قریب پیش آیا۔ اس طرح ہلاک ہونے والے ماہی گیر کا نام جیا کوندر (۴۲سال) بتایا جاتا ہے جو کہ سنتے کٹّے کا رہنے والا تھا۔کہتے ہیں کہ جیا کوندر،لاوا کنچن اور نارائین کوندر ایک دیسی کشتی میں مچھلیاں پکڑنے کے لئے سمندر میں گئے تھے۔ اس دوران بہت ہی طوفانی موجیں اٹھنے لگیں جس میں ان کی بوٹ گھِر گئی اور بری طرح ڈولنے لگی۔ اس وقت جیا کوندر کا توازن بگڑ گیا اور وہ سیدھے سمندر میں گر گیا۔اس کے ساتھی ماہی گیروں نے اسے بچانے کی کوشش تو بہت کی مگر وہ اس میں ناکام رہے۔اس کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ جیاکوندر نے سمندرمیں گرنے کے بعد بوٹ میں واپس چڑھنے کی بے حد کوشش کی مگر تیز لہروں کی وجہ سے وہ اس میں کامیاب نہیں ہوا۔تقریباً پندرہ منٹ تک وہ بپھرے ہوئے سمندر میں تیرتارہا۔اس دوران وہ بہت زیادہ پانی پی گیا۔سمندر کے کنارے ماہی گیری کرنے والے دیگر افراد اس کی مدد کو دوڑ پڑے اور اسے تھوڑی دیر بعد کنارے لانے میں تو کامیاب رہے مگر تب تک وہ زندگی کی جنگ ہار چکا تھا۔
اس حادثے کی اطلاع ملنے پر کنداپور پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر منجپّااورسب انسپکٹر ناصر حسین نے اپنے عملے کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔