ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کل ہند صنعتی نمائش کا ڈاکٹر قمرالاسلام کے ہاتھوں افتتاح

کل ہند صنعتی نمائش کا ڈاکٹر قمرالاسلام کے ہاتھوں افتتاح

Fri, 19 Aug 2016 19:52:39    S.O. News Service

افتتاحی تقریب سے حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی قبلہ، ڈاکٹر قمرالاسلام، محمد اصغرچلبل،سید احمد کا خطاب

کلبرگی 19اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مجھے آج دلی مسرت ہورہی ہے کہ حضرت خواجہ گیسودرازبندہ نواز ؒ کا612واں عرس شریف منایاجارہاہے اورآج عرس شریف کی پہلی تقریب کے سلسلہ میں خواجہ بازار میں کل ہند صنعتی نمائش کاافتتاح ہونے جارہاہے۔میں آج کے مہمان خصوصی سابق وزیر الحاج ڈاکٹر قمرالاسلام ،محمد اصغر چلبل کوڈاچیرمین ،سید احمد میئر ،حاضرین افتتاحی تقریب اورزائرین کاخیر مقدم کرتاہوں ۔یہ بات تقدس مآب حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسروحسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ گیسودراز بندہ نواز ؒ نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں فرمائی ۔حضرت سجادہ نشین قبلہ نے فرمایا کہ کل ہند صنعتی نمائش کاافتتاح حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کے عرس شریف کے ساتھ منسلک ہے۔یہ برسہابرس کی روایت ہے۔حضرت سجادہ نشین قبلہ نے حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کے سوانحی تذکرہ وتعلیمات کاتفصیل سے ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ بندگی مخدوم کاشاہی استقبال سلطان فیروز شاہ بہمنی نے کیا۔سلطان فیروز شاہ بہمنی کی درخواست پرحضرت خواجہ بندہ نواز ؒ گلبرگہ تشریف لائے ،حضرت سجادہ نشین قبلہ نے فرمایا کہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کی عمر کا بڑاحصہ اسلام کی تبلیغ وترویج میں گزرا۔ سابق وزیر الحاج ڈاکٹر قمرالاسلام نے اپنے خطاب میں کہاکہ حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسروحسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ گیسودراز بندہ نواز ؒ نے حال ہی میں دارالعلوم دینیہ بندہ نوازیہ کی جدید عمارت کاافتتاح کروایا۔اس افتتاحی تقریب میں حضرت مفتی خلیل احمد صاحب اورحضرت مولانا مفتی عظیم الدین صاحب نے شرکت فرمائی۔دارالعلوم دینیہ بندہ نوازیہ کی ایک شاندار عمارت تمام تر سہولتوں سے آراستہ ہو،اس بات کی آرزو حضرت سید شاہ محمد محمد الحسینی سجادہ نشین قبلہ کی تھی۔اپنے والد محترم کی اس آرزو کی تکمیل حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسروحسینی قبلہ نے فرمائی۔ڈاکٹر قمرالاسلام نے کہا کہ عرس شریف کے موقع پرزائرین کی تمام سہولتوں کے لئے محکموں کے عہدے داران کوہدایت دی گئی ہے۔میئر سید احمد اورڈاکٹر محمد اصغر چلبل کومیں نے ہدایت دی ہے کہ زائرین کوکسی قسم کی دشواری یا تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔یہ دونوں اصحاب موثر اقدامات کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ڈاکٹر قمرالاسلام نے زائرین کواورشہر یان گلبرگہ کوخواجہ بندہ نواز ؒ کے 612ویں عرس شریف کی مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹر محمد اصغر چلبل کوڈاچیرمین نے کہاکہ یہ میری خوش نصیبی اورفخر کی بات ہے کہ مجھ پرحضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کی بڑی نظرکرم ہے۔میں خواجہ ہائی اسکول کاطالب علم ہوں۔میں بندہ نواز ؒ کے نظر کرم اورمیرے قائد محترم ڈاکٹر الحاج قمرالاسلام کی وجہ سے آج اس مقام پرہوں۔قائد محترم قمرالاسلام نے مجھے اورمیئر سید احمد کوخاص طورپر ہدایت دی کہ حضرت سجادہ نشین قبلہ کی ہدایت کے مطابق عرس شریف میں موثر اقدامات کئے جائیں۔ہم زائرین کوکسی قسم کی شکایت کاموقع نہیں دیں گے۔بہتر سے بہتر انتظامات کریں گے۔سید احمد میئر نے شہر یان گلبرگہ اورزائرین کوعرس شریف کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ میرے لئے خوشی کی بات ہے کہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کے 612ویں عرس شریف میں سجادہ نشین قبلہ اور قائد محترم قمرالاسلام کی ہدایت کے مطابق انتظامات کرنے کاموقع ملا۔ہماری ٹیم درگاہ معتمد کے ساتھ مل کر عرس شریف کے انتظامات کوانشاء اللہ بہتر انداز میں انجام دیں گے ۔زائرین کوکوئی شکایت کاموقع نہیں دیاجائے گا۔کل ہند صنعتی نمائش کاافتتاح سابق وزیر الحاج ڈاکٹر قمرالاسلام نے کیا۔اس کے بعد سجادہ نشین قبلہ ، سید محمد علی الحسینی خلف اکبر سجادہ نشین اورڈاکٹر قمرالاسلام ،ڈاکٹر محمد اصغر چلبل ،میئر سید احمد کے ہمراہ خواجہ بازار میں یوسفی مصالحہ اسٹال پرتشریف لے گئے جہاں ان حضرات کی گلپوشی کی گئی ۔بعد ازاں سبھی حضرات نے اصلی گیسودراز مصالحہ اسٹال پرتشریف لے گئے جہاں پرسبھی حضرات کی گلپوشی اورشال پوشی کی گئی۔کل ہند صنعتی نمائش خواجہ بازار کے افتتاحی پروگرام کاآغاز حافظ محمد اویس قادری کی قرآت کلام پاک سے ہوا۔شکریہ کے فرائض ایم اے حبیب درگاہ معتمد نے انجام دیئے۔افتتاحی پروگرام کی نظامت خواجہ گیسودراز کنٹرول روم انچارج نے بخوبی انجام دی۔اس موقع پر حضرت سید محمد علی الحسینی خلف اکبر سجادہ نشین قبلہ ،ڈاکٹر سید مصطفےٰ الحسینی خلف اصغر سجادہ نشین قبلہ ،سید شاہ عارف اللہ حسینی ،سید شاہ تقی اللہ حسینی مدیراعلیٰ کے بی این ٹائمز ،سید احمد حسینی ،سید شاہ باقرشبیر حسینی ندیم بابا ،میر روؤف علی خان صاحب ،سید حیدر پاشاہ قادری نلنگہ شریف اورافرادخانوادہ روضہ منورہ بزرگ ،علماء کرام ومشائخین عظام موجودتھے۔


Share: