ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیر کے حالات بدستور خراب:کرفیو جاری، مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 56ہوئی

کشمیر کے حالات بدستور خراب:کرفیو جاری، مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 56ہوئی

Sat, 13 Aug 2016 19:58:08    S.O. News Service

سرینگر،13اگست؍ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سرینگر کے لال چوک پر علیحدگی پسندوں کے دو روزہ دھرنامظاہرہ کی منصوبہ بندی کو ناکام کرنے کے لئے پورے سری نگر ضلع اور اننت ناگ شہر میں آج کرفیو جاری رہا۔وہیں فائرنگ میں ایک نوجوان کی موت کے ساتھ ہی وادی میں موجودہ بدامنی کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 56ہو گئی ہے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ شہر کے وسط میں واقع لال چوک پر دو دن کے لئے دھرنے مظاہرہ کررہے کچھ عناصر کی منصوبہ بندی کو ناکام کرنے کے لئے پورے سری نگر میں کرفیو لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرفیو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ شہر میں بھی لاگو ہے۔سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی قیادت والے علیحدگی پسند گروپ نے لوگوں سے آج اور کل لال چوک پر ’’ریفرنڈم ‘‘مارچ نکالنے کے لئے کہا تھا۔گزشتہ ماہ کشمیری نوجوان برہان وانی کو مار گرائے جانے کے خلاف مظاہروں میں شہریوں کے مارے جانے کو لے کر علیحدگی پسند خیمہ وادی میں احتجاجی مظاہروں کی قیادت کر رہا ہے۔افسر نے کہا کہ موجودہ بدامنی کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 56ہو گئی ہے، کیونکہ سہیل احمد وانی نام کا نوجوان جو گزشتہ ہفتے ایک پولیس اہلکار کی طرف سے کی گئی فائرنگ میں زخمی ہو گیا تھا، اس کی آج ہسپتال میں موت ہو گئی۔سہیل کو پلوامہ ضلع میں سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر لیتھ پورا میں دو اگست کو سر میں گولی لگی تھی۔وادی میں انتظامیہ کی طرف سے لاگو کی گئی پابندیوں اور سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں شہریوں کی اموات کی مخالفت میں مظاہرے سے وادی میں مسلسل 36دنوں سے معمولات زندگی متاثر ہے۔اسکول، کالج، کاروباری ادارے، پٹرول پمپ اور نجی دفتر بند ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے۔افسر نے کہا کہ سرکاری دفتروں اور بینکوں میں بھی حاضری کم ہے۔وادی میں موبائل اٹنریٹ سروس مسلسل بند ہے۔


Share: