سری نگر:12/مئی(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا)جنوبی کشمیر کے شوپیاں شہر اور سری نگر کے نوہٹا علاقے میں آج مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان دوبارہ تصادم شروع ہوگیا۔پولیس کے ایک افسر نے دعوی کیا کہ نوہٹا کی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز کے بعد نوجوان نعرے لگاتے ہوئے سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کرنے لگے۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے اور طاقت کا استعمال کیا۔واقعہ میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح کے پر تشدد احتجاج شوپیاں ضلع کے سنگلو چوک پر ہوئے، جس کے بعد صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کیا۔شمالی کشمیر کے باندی پورہ ضلع کے ہاجن علاقے میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔