بنگلورو:6/مئی(ایس او نیوز) گزشتہ سال مانسون کی ناکامی کے سبب بھاری خسارہ اٹھانے والے ریاست کے کسانوں کو 262.2 کروڑ روپیوں کی سبسیڈی ان کے بینک کھاتوں میں جمع کرادی گئی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج ودھان سودھا میں باضابطہ سبسیڈی کی رقم کو بینک کھاتوں میں منتقل کرنے کا آغازکیا۔اس کیلئے محکمہئ زراعت کی طرف سے بنائے گئے سافٹ ویر کے ذریعہ وزیراعلیٰ نے اس ان پٹ سبسیڈی کی رقم کو جمع کرنے کی شروعات کی۔ مانسون کی ناکامی کے سبب ریاست بھر کے 2.94لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 168.4کروڑ روپیوں کی رقم جمع کرائی گئی جب کہ مابعد مانسون کی فصلوں کے ناکام ہوجانے کے سبب 1.82 لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 93.8 کروڑ روپیوں کی رقم جاری کی گئی ہے۔ گلبرگہ اور بیدر میں گزشتہ سال آئے سیلاب کے نتیجہ میں جن فصلوں کو نقصان پہنچا ان کی بھرپائی کیلئے 19.45لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 1104.6کروڑ روپے پہلے ہی جمع کروائے جاچکے ہیں۔