ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کسانوں کے قرضوں کی معافی فی الوقت نہیں: کمار سوامی 

کسانوں کے قرضوں کی معافی فی الوقت نہیں: کمار سوامی 

Sun, 27 May 2018 00:25:34    S.O. News Service

بنگلور:26/مئی (ایس اونیو) وزیراعلیٰ کمار سوامی نے کہا کہ ریاست کے کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے وعدے پر وہ قائم ہیں لیکن اس کا اعلان فی الوقت نہیں کرسکتے۔ آج جے پی نگر میں اپنی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہا کہ ریاست کی معاشی صورتحال کے بہتر ہونے کے بعد وہ کسانوں کے قرضے ضرور معاف کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں وہ مخلوط حکومت کی قیادت کررہے ہیں۔ اپنی حلیف جماعت کانگریس کو اعتماد میں لئے بغیر وہ کوئی بڑا فیصلہ نہیں لے سکتے۔ اس معاملے میں کانگریس کو اعتماد میں لے کر جلد از جلد فیصلہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ریاستی کابینہ کی توسیع کے متعلق ایک سوال پر کمار سوامی نے کہاکہ اس میں چند رکاوٹیں حائل ہیں انہیں توقع ہے کہ جلد ہی ان تمام کو دور کرکے ایک فعال وزارت تشکیل دی جائے گی۔ دورہئ دہلی کے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ فی الوقت وہ ریاست کے مختلف افسروں کے ساتھ تبادلہئ خیال میں لگے ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ  ایڈی یورپا یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ وہ اتنے عظیم قائد ہیں کہ صرف انہیں سے یہ ملک چل سکتا ہے۔ وہ اپنے آس پاس بھی دیکھنا سیکھیں۔ ان کے علاوہ بھی سیاسی میدان میں کچھ لوگ سرگرم ہیں جنہیں اس ملک کی ترقی کی ان سے زیادہ فکر ہے۔ کرناٹک بند منانے ایڈی یورپا کی آواز کو گندی سیاست قرار دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ابھی ٹھیک طرح سے کام بھی شروع نہیں کیا کہ ایڈی یورپا اپنی گندی چالوں پر اتر آئے۔ ریاست میں ان کا یہ کھیل چلنے نہیں دیا جائے گا۔ 
 


Share: