منگلورو:یکم/ اگست (ایس او نیوز) موڈبیدری کے آلواس تعلیمی ادارے میں زیرتعلیم کاویا کی مبینہ خود کشی پر اس کے والدین کی طرف سے قتل کا شبہ ظاہر کرنے کے بعد کاویا کو انصاف دلانے کی مہم سوشیل میڈیا کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی تیز ہوگئی ہے۔منگلورو سے ملی خبر کے مطابق یہاں منگلورو یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبہ نے کاویا کو انصاف دلانے کی مانگ کے ساتھ ایک احتجاجی ریالی نکالی۔اور مطالبہ کیا کہ چونکہ اس خود کشی کا معاملہ پُر اسرار ہوگیا ہے اس لئے اس کی تحقیقات سی بی آئی کے ذریعے کی جائے۔اس احتجاج میں شامل طلبہ کا کہنا تھا کہ پچھلے کچھ برسوں میں آلواس تعلیمی اداروں کے اندرطالبات کی خودکشی کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔اس لئے طلبہ کی حفاظت کے نقطۂ نظر سے ان معاملات کی تحقیقات صحیح رخ پر ہونا ضروری ہے۔
اسی طرح اڈپی میں کنڑا رکھشنا ویدیکے نے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا جس میں بات کرتے ہوئے کاویا کی ماں نے راست طور پر آلواس کے فزیکل ٹرینرپروین پجاری پر اپنی بیٹی کے قتل کا الزام لگایا۔ کنڑا رکھشنا ویدیکے کے ذمہ داران نے قتل یا خودکشی کے اس معاملے پر پڑے راز کے پردوں کو ہٹانے کے لئے گہرائی سے تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہناتھا کہ ایسے دس سے زیادہ واقعات اس تعلیمی ادارے میں پیش آچکے ہیں جس میں صرف طالبات نے خودکشی کی ہے۔ اس کے پیچھے کونسا راز چھپا ہے اس کو منظر عام پر آنا ضروری ہے۔