لکھنؤ، 11؍اگست(آئی این ایس انڈیا ) اتر پردیش میں بی ایس پی، ایس پی اور کانگریس کے 6 اور ممبر اسمبلی آج بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئے، جسے اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی طاقت بڑھنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔بی جے پی میں آج شامل ہونے والے ممبران اسمبلی میں تین کانگریس، دو بی ایس پی اور ایک ایس پی کے ہیں۔پارٹی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ کی موجودگی میں کانگریس کے سنجے جیسوال، وجے دوبے اور مادھوری ورما، بی ایس پی کے راجیش ترپاٹھی اور بالا پرساد اوستھی اور ایس پی کے شیر بہادر سنگھ نے آج اپنے حامیوں کے ساتھ بی جے پی کی رکنیت حاصل کی۔واضح رہے کہ حال ہی میں بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے خلاف بغاوت کرکے پارٹی چھوڑ آئے اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سوامی پرساد موریہ نے تین دن پہلے دہلی میں بی جے پی کی رکنیت حاصل کر لی تھی اور کل یہاں پہنچنے پر دو اور بی ایس پی رکن اسمبلی بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ممبران اسمبلی کے اس رویے کو عام طور پر ہر انتخابات سے پہلے ہونے والے انحراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور کل ہی کانگریس کے تین معطل اور ایس پی کا ایک رکن اسمبلی بی ایس پی میں شامل ہو گئے تھے۔