بنگلور:11/مئی(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا) کانگریس صدر راہل گاندھی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کو نظریے کی جنگ قرار دیتے ہوئے کارکنوں سے ووٹنگ مکمل ہونے تک اس انتخاب کو جیتنے کے لیے پوری طاقت جھونکنے کی اپیل کی۔مسٹر راہل گاندھی نے واٹس ایپ پر یہ اپیل جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ پارٹی کے کارکنان ہی کانگریس کی ریڑھ ہیں اورانہوں نے اپنا خون پسینہ پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے اورکرناٹک انتخابات جیتنے کے لیے مہینوں سے بہایا ہے۔ ووٹنگ کے لیے اب بہت کم وقت بچا ہے، اسی وجہ سے تمام کارکنان اس میں اپنی پوری طاقت لگا دیں۔کانگریس صدر نے کہاکہ یہ الیکشن نظریے کی جنگ ہے۔ آپ کانگریس کے کارکن ہیں اور آپ نے پوری طاقت کے ساتھ کانگریس کی مدد کی ہے۔ آپ پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور مہینوں سے آپ کو روزانہ دن بھر کانگریس کے نظریات کے لیے شہروں سے لے کر گاؤں تک لڑتے رہے ہیں۔ اب کم وقت بچا ہے اس لئے آپ کو پوری طاقت لگانے کی ضرورت ہے۔ریاست کے وزیراعلیٰ سد ارمیا نے بھی کانگریس کارکنان سے پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کارکن جس طاقت کے ساتھ اب تک پارٹی کے لئے کام کرتے رہے ہیں، انتخابات مکمل ہونے تک اسی طاقت کے ساتھ کام کریں اور بی جے پی کو شکست دیں۔