جے پور:31/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) راجستھان میں کانگریس یونٹ کے صدر اور نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے رام گڑھ اسمبلی سیٹ پر پارٹی کی جیت کو پارٹی کے تئیں لوگوں کے اعتماد کی جیت بتایا ہے۔ انتخا بی کے نتائج آنے کے بعدسچن پائلٹ نے کہا کہ:’ راجستھان کے عوام نے ایک بار پھر کانگریس پارٹی پر اپنے اعتمادکا اظہار کیا ہے ‘۔واضح ہو کہ صوبہ میں کانگریس حکومت بننے کے بعد یہ پہلا الیکشن تھا اور نتائج ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی نے لوگوں کی حمایت کھو دی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ:’ بی جے پی نے انتخابات میں سماج ، مذاہب اور ووٹوں کی تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اپنی اس کوشش میں ’ناکام‘ رہے۔ پائلٹ نے کہا کہ کانگریس نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاری پہلے ہی شروع کر دی ہے اور یقین ظاہر کیا کہ ریاست میں تمام 25 سیٹیں کانگریس جیتے گی۔ قابل ذکر ہے کہ سات دسمبر کو ریاست کی 200 میں سے 199 نشستوں کے لئے پولنگ ہوئی تھی۔ رام گڑھ سیٹ پر بی ایس پی امیدوار کے آنجہانی ہونے جانے کی وجہ سے انتخا ب ملتوی کردیا گیا تھا۔خیال رہے کہ اس سیٹ پر جمعرات کو ہوئی ووٹوں کی گنتی میں کانگریس امیدوار شافعیہ زبیر نے اپنے حریف بی جے پی امیدوار کو شکست دے کر فتح حاصل کی ۔