نئی دہلی:15/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے مودی حکومت پر ہندستانی معیشت کو تباہ کرنے کا الزام لگایاہے اور وزیراعظم کی آسان قرضوں کی اسکیم مدرارن یوجنا پر وہائٹ پیپر لانے کا مطالبہ کیاہے۔کانگریس کے ترجمان گورو ولبھ نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرمیں معمول کی پریس کانفرنس میں کہاکہ مودی حکومت کی پالیسی اور نیت نے ہندستانی معیشت کو تباہ کردیاہے۔انھوں نے کہاہے کہ خردہ افراط زر کا بڑھنا اور تھوک افراط زر کا کم ہونا اس بات کا اشارہ ہے کہ کسانوں پر دباؤ بڑھ رہاہے۔کسانوں کو اپنی فصل تھوک بازارمیں فروخت کرنی پڑتی ہے اور اپنا روزمرہ کا سامان خردہ بازار سے خریدنا ہوتاہے۔اس سے صاف ہے کہ کسانوں کو انکی پیداوار کی قیمت کم مل رہی ہے۔انھوں نے کہاکہ حکومت کو مدرا رن کے تعلق سے ریزروبینک کی وارننگ کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور اس کی پوری تفصیل عام کرنی چاہئے۔انھوں نے کہاکہ پردھان منتری مدرارن یوجنا کے تحت دیئے گئے قرضوں اور انکی وصولی کی پوری تفصیل دیتے ہوئے وہائٹ پیپرلایاجانا چاہیے۔آربی آئی نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہاہے کہ حکومت کو مدرارن پر توجہ دینی چاہئے۔آنے والے دنوں میں غیر فعال اثاثہ میں مدرارن کی بڑی حصہ داری ہوسکتی ہے۔حکومت نے چھوٹے کاروباریوں کی حوصلہ افزائی اور انکی مالی مددکیلیے پردھان منتری مدرارن یوجنا شروع کی ہے جس میں 50ہزار روپئے سے لیکر 10لاکھ روپئے تک کا قرض فراہم کرایاجاتاہے۔