نئی دہلی، 2نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کی کل تین نومبر سے لکھنؤ سے شروع ہونے والی سماج وادی وکاس رتھ یاترا کل کانپور نہیں آئے گی بلکہ کانپور کے پڑوسی ضلع اناؤ سے واپس چلی جائے گی۔وزیراعلیٰ کی کل کی یاترا کو دیکھتے ہوئے لکھنؤ کانپور ہائی وے بند کر دیا گیا ہے اور کانپور سے لکھنؤ جانے والوں اور واپس آنے والوں کے لئے راستہ بدل کر دوسرا متبادل روٹ دیا گیا ہے۔لیکن اس سے ایمبولینس گاڑیوں کو چھوٹ دی گئی ہے۔پہلے وزیراعلیٰ کی یاترا کل رات کانپور آنے والی تھی لیکن پانچ نومبر کو لکھنؤ میں ہونے والے سماج وادی پارٹی کی سلور جوبلی تقریب کی وجہ سے کانپور آنا فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔سماج وادی پارٹی کے شہر صدر فضل محمود نے بتایا کہ وزیر اعلی یادو کی یاترا کل تین نوبر کو لکھنؤ سے روانہ ہوگی اور کل دیر شام پڑوسی ضلع اناؤ میں ایک جلسہ عام کے طور پر ختم ہو جائے گی۔پہلے یہ وکاس رتھ یاترا کانپور آنی تھی اور یہاں سے آگے بڑھنی تھی۔