بنگلورو،4مارچ(ایس او نیوز)شہر کے مضافات ماگڑی کے قریب آنے والے ہوسہلی نالے میں کل ایک دس سالہ بچی کی نعش برآمد ہوئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ کالے جادو کیلئے اس بچی کا کام تمام کیاگیا ہوگا۔ ماگڑی تعلقہ کے ہوسہلی کے قریب سنکل دیہات کی دس سالہ بچی عائشہ بی چوتھی جماعت کی طالبہ تھی، یکم مارچ سے یہ اپنے گھر سے لاپتہ تھی، اس سلسلے میں بچی کے والد نے یکم مارچ کی شام ماگڑی پولیس تھانہ میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔اس شکایت پر کارروائی کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ ہوسہلی نالے کے قریب ایک بوری مشتبہ حالت میں پائی گئی ہے۔ بوری کو جب کھول کر دیکھا گیا تو اس کے اندر اس بچی کے ہاتھ پیر باندھ کر اس کی نعش دبادی گئی تھی۔ نعش کو جب باہر نکالا گیا تو یہ پتہ چلا کہ اس بچی کے ہاتھ اور پیر پر لیمو باندھ کر کالا جادو کیاگیا ہے اور کالا جادو ہونے کے بعد اس کا قتل انتہائی بے رحمی سے پلاسٹک سے منہ بند کرکے کیاگیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے متوفی بچی کی نعش پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد اس کے رشتہ داروں کے حوالے کردی۔