ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ڈینش قوم پرست جماعت کا مسلمانوں کے ملک میں داخلے پرپابندی کا مطالبہ

ڈینش قوم پرست جماعت کا مسلمانوں کے ملک میں داخلے پرپابندی کا مطالبہ

Fri, 29 Jul 2016 18:17:32    S.O. News Service

کوپن ہیگن29جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ڈنمارک کی تارکینِ وطن مخالف قوم پرست جماعت ڈینش پیپلزپارٹی نے مسلم ممالک سے آنے والے تارکین وطن پر پابندی عاید کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یہ جماعت ڈنمارک کی دائیں بازو کی حکومت کی اتحادی ہے اور اس نے یہ مطالبہ اسلامی انتہاپسندوں سے تشدد کے خطرے کے پیش نظر داغا ہے۔اس جماعت کے ڈپٹی لیڈر سوئرن ایسپرسن نے جمعرات کو ایک ڈینش اخبار برلنگسکے میں شائع شدہ انٹرویو میں کہا ہے کہ مسلم تارکین وطن پر چار سے چھے سال تک ڈنمارک میں داخلے پرپابندی عاید ہونی چاہیے کیونکہ یورپ میں دہشت گردی کے حالیہ حملوں کے بعد ہم ایک وقفہ چاہتے ہیں۔اس جماعت کے ایک اور سینئر رہ نما مارٹن ہنریکسن نے ڈنمارک کے ٹی وی 2چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کے گروپ کا مؤقف ہے۔دوسری جانب حزب اختلاف سوشل ڈیمو کریٹس نے اس تجویز پر کڑی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اس میں عام مسلمانوں کواسلامی انتہا پسندوں سے غلط طور پر جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔اس جماعت نے اس تجویز کو ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے منصوبے کے مشابہ قرار دیا ہے۔ڈینش حکومت کی جانب سے فوری طور پر اس تجویز پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔


Share: