نئی دہلی، 28؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن(ڈی ٹی سی)کی بسیں چلانے کے لیے خواتین ڈرائیوروں کو مقرر کرنے میں آ رہی مشکلات کے بعد کارپوریشن نے سرکاری بسیں چلانے کے لیے خواتین کی حوصلہ افزائی کرنے کے مقصد سے غیر سرکاری تنظیموں سے مدد مانگی ہے۔قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ کی وینکا درتھ سریتا کی گزشتہ سال اپریل میں پہلی خاتون ڈرائیور کے طور پر کارپوریشن میں تقرری ہوئی تھی۔اس کے بعد گزشتہ ایک سال کے دوران کارپوریشن ایک بھی خاتون ڈرائیور کی تقرری نہیں کر سکا۔ڈی ٹی سی کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ ہم خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی کئی غیر سرکاری تنظیموں کو خط لکھیں گے کہ وہ کارپوریشن کے ساتھ ڈرائیور کے طور پر کیریئر بنانے کے لیے خواتین کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ ہمارے یہاں ڈرائیور کے طور پر درخواست دینے کے لیے آگے آئیں۔افسر نے بتایا کہ زیادہ ترخواتین ڈرائیور کے پیشے کو اپنانے میں جھجک محسوس کرتی ہیں اور اسی لیے انہیں ڈی ٹی سی کے ڈرائیور کے طور پر حوصلہ افزائی کئے جانے کی ضرورت ہے۔