واشنگٹن5اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار برائے صدارت ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر متوقع طور پر اپنی ایک غلطی کا اعتراف کرلیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں غلط فہمی ہوئی تھی کہ انہوں نے ایران کو چار سو ملین ڈالر کی نقد ادائیگی کی ایک ویڈیو دیکھی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ٹرمپ نے لکھا ہے کہ ٹیلی وژن پر اُنہوں نے جو فلم دیکھی تھی، وہ جنیوا سوئٹزرلینڈ میں یرغمال بنائے جانے والے ایک طیارے کی تھی، نہ کہ چار سو ملین ڈالر کی رقم ایران لے کر جانے والے طیارے کی۔ واضح رہے کہ یہ رقم اس سال ایران کو عین اُسی روز منتقل کی گئی تھی، جس روز ایران میں زیرِ حراست چار امریکیوں کو رہا کیا گیا تھا۔ ری پبلکنزکادعویٰ ہے کہ یہ رقم ان امریکیوں کی رہائی کے بدلے تاوان کے طور پر دی گئی جبکہ اوباما انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ رقم قانونی طور پر ایران ہی کی تھی۔