نئی دہلی: 2/اپریل((ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سوراج ابھیان کے لیڈر اور مشہور وکیل پرشانت بھوشن اپنے ٹوئٹ کے خلاف مظاہرہ اور احتجاج کو دیکھتے ہوئے بیک فٹ پر آ گئے ہیں۔پرشانت بھوشن نے متنازعہ ٹوئٹ پر صفائی دیتے ہوئے کہا کہ میرے ٹوئٹ کا غلط مطلب نکالا گیا ہے،میں نے اینٹی رومیو اسکواڈ پر اپنی بات رکھی تھی۔قابل ذکرہے کہ اتوار کی صبح پرشانت بھوشن نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ بھگوان شری کرشن تو گوپیو کو چھیڑتے تھے، جبکہ رومیو نے ایک ہی لڑکی سے محبت کی تھی، تو کیا یوگی اینٹی کرشن اسکوائڈ بنانے کی ہمت کریں گے۔اس پوسٹ پر سوشل میڈیا میں ان کی جم کر تنقید ہوئی تھی اور بی جے پی کی جانب سے ان کے خلاف شکایت بھی درج کرائی گئی تھی۔وہیں بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے ٹوئٹر پر ہی ان کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ پرشانت بھوشن کو شری کرشن کے بارے میں سمجھنے کے لیے کئی جنم لینے پڑیں گے، افسوس کی بات ہے شری کرشن کو بھی سیاست میں گھسیٹا گیا۔اس معاملے پر بی جے پی کے دہلی ترجمان تیجندر بگا نے پرشانت بھوشن کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرائی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سوراج ابھیان کے لیڈر پرشانت بھوشن نے خواتین کے تحفظ کے پیش نظر اتر پردیش میں یوگی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے اینٹی رومیو اسکوائڈ کی تنقید کی تھی،اس دوران انہوں نے نہ صرف یوگی حکومت کو چیلنج کیا بلکہ بھگوان شری کرشن پر بھی متنازعہ بیان دے دیا تھا۔