چنتامنی:25 /مارچ(محمد اسلم؍ایس او نیوز)شہر سے نوکلومیٹر دوری پر واقع مرغ ملہ کی معروف درگاہ حضرت اماں جان باواجانؒ کے احاطے میں موجود سبھی عطیہ جات بوکسوں سے جملہ 13 /لاکھ 45 /ہزار روپئے بر آمد ہوئے۔گذشتہ روزصبح 11 /بجے درگاہ کمیٹی کے زیر نگرانی اور پولیس کے سخت بندوبست میں ان بوکسوں کو کھولا گیا جس کی گنتی مقامی کینرا بینک عملہ اور دیگر ملازمین نے صبح 10بجے سے شام 07بجے تک کی ۔بوکسوں سے بر آمد کی گنتی کے بعد تمام رقم کینرا بینک عملہ نے وقف بورڈ کے اکاؤنٹ میں جمع کردی۔
اس موقع پرکچھ احباب نے الزام لگایا کہ چکبالاپور ضلع وقف آفیسروں کی من مانی اور لاپروائی سے درگاہ کے ترقیاتی کام ٹھپ پڑے ہوئے ہیں لہٰذا ضلع وقف افسراور وقف کے انسپکٹر کا فوراََ تبادلہ کیا جائے ۔ ان لوگوں کے مطابق حال ہی میں چکبالاپورضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے چیرمین بی ایس رفیع اللہ نے وقف کے سی ای او سے درگاہ کے عرس کا حساب وکتاب نہ دینے اور ضلع وقف افسر اور وقف انسپکٹر کی من مانیوں سے بیزار ہوکر شکایتیں کرچکے ہیں لیکن وقف کے اعلیٰ افسران ضلع وقف افسروں کی من مانیوں کا علم ہونے کے باجود کی اُن ہی کی حمایت کررہے ہیں ۔