بنگلورو:13/ مئی (ایس او نیوز) مرکزی وزیر برائے کیمیا وکھاد اننت کمار نے ریاست میں سدرامیا حکومت کے چار سال کی تکمیل پر کہا ہے کہ چار سال کے دوران غرور اور تکبر ہی سدرامیا کا حاصل رہا ہے۔ بدانتظامی اور لاپرواہی اس حکومت کا معمول بن چکی ہے۔ بی جے پی دفتر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریت مافیا سے لے کر ارکاوتی لے آؤٹ کی دھاندلیوں تک ہی سدرامیا حکومت کی ناکامیاں محدود نہیں ہیں، کرپشن اور بدانتظامیہ کیلئے کرناٹک ملک میں مرکز توجہ بن چکا ہے۔ شہر گلستان بنگلور کو سدرامیا حکومت نے کوڑے دان میں تبدیل کردیا ہے۔ ملک کے تمام شہر سوچ بھارت کی فہرست میں آگے آنے کی کوشش میں ہیں تو کرناٹک کے شہر پچھڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور میں گندگی کی نکاسی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے،اس سے نمٹنے کی بجائے اس میں بھی کرپشن کیاجارہاہے۔ شہر میں گندگی کی پروسیسنگ کرنے والی سات یونٹیں ناکارہ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان یونٹوں کو گندگی کو ٹھکانے لگانے کے مراکز میں تبدیل کیا جاچکا ہے۔ فوراً اس کی باز پرس ہونی چاہئے۔ شہر بنگلور میں پانی کی قلت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر میں پانی کی سربراہی کا واحد ذریعہ تپگنڈنا ہلی تالاب رئیل ایسٹیٹ کی نظروں میں آچکاہے۔ اسے بچانے کیلئے سنجیدہ کوشش نہیں ہورہی ہے۔ شہر میں ٹریفک کے مسئلے کو سلجھانے کیلئے بھی حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اٹل بہاری واجپائی کے دور حکومت میں بنگلور کیلئے میٹرو ریل پراجکٹ منظور ہوا۔ اب مودی کے دور حکومت میں میٹرو ریل پراجکٹ کو منظوری ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور میں مضافاتی ریل شروع کرنے کیلئے جدوجہد کی جارہی ہے۔چھ ماہ کے اندر اس پراجکٹ کا افتتاح کرنے کا وعدہ بھلے ہی مرکزی حکومت نے کیا ہو، لیکن اس کو تکمیل تک پہنچانے میں ریاستی حکومت کی طرف سے تعاون نہیں مل رہاہے۔اننت کمار نے کہاکہ اگلے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی بنگلور کے تمام28/ اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔اسی کے ذریعہ بی جے پی 150 سیٹوں کا نشانہ پارکرسکے گی۔