بنگلورو،9؍مارچ(ایس او نیوز) راجدھانی بنگلور سمیت ریاست بھر کے 998 مراکز میں آج سے پی یو سی سال دوم کے امتحانات غیر معمولی حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہوگئے۔اس امتحان کو شفاف اور آزاد ماحول میں کرانے کیلئے محکمۂ پی یو سی ایجوکیشن کی طرف سے تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے۔ امتحانی مراکز کے 200میٹر کے دائرہ میں امتناعی احکام لگادئے گئے ہیں۔اس بار امتحان میں جملہ 6.48لاکھ طلبا امتحان دے رہے ہیں۔ان میں 348562 لڑکے ، اور 335909لڑکیاں شامل ہیں۔ پہلی بار امتحان دینے والے طلبا کی تعداد 5.48لاکھ رہی تو 105299 پرانے طلبا نے بھی امتحان میں حصہ لیا۔ ان998امتحانی مراکز میں 857کو عام ، 103کو حساس، اور 38کوحساس ترین مراکز قرار دے کر دوسرے اور تیسرے زمرے کے مراکز کیلئے خصوصی حفاظتی بندوبست کیا گیا۔ پہلی بار پرچۂ سوالات کی تقسیم کیلئے مختلف اضلاع میں خصوصی اسٹرانگ روم بنایا گیاتھا، ہر امتحانی مرکز میں نقل وحرکت پر نظر رکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب لازمی قرار دی گئی۔ پرچۂ سوالات کو طلبا میں تقسیم کرنے سے قبل کوڈنگ اور بار کوڈنگ کا نظام لاگو کیاگیا۔ طلبا کیلئے امتحان گاہ میں داخلے کا بائیو میٹرک انتظام پہلی بار کیاگیا تھا۔اس کے علاوہ بڑے سے بڑے کالج کیلئے بھی اس بار پی یو سی سنٹر منظور ہونے کے باوجود اس کالج کے طلبا کو اسی کالج میں امتحان دینے کی گنجائش نہیں رکھی گئی۔ نہ صرف سرکاری بلکہ نجی اور ایڈڈ کالجوں کیلئے بھی یہی فارمولہ رائج ہے۔ ریاست کے 510 امتحانی مرکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال پرچۂ سوالات کے افشاء کے سبب طلبا کو جن پریشانوں کا سامنا کرنا پڑا آئندہ ایسی کوئی پریشانی لاحق نہ ہونے پائے اس کیلئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔طلبا اور والدین کو کسی طرح سے پریشان نہ ہونے کی گذارش کرتے ہوئے وزیر بنیادی وثانوی تعلیمات تنویر سیٹھ نے بتایاکہ امتحان میں حصہ لینے والے طلبا کی ہمہ وقت رہنمائی کیلئے خصوصی عملہ متعین رہے گا۔اس دوران آج امتحان کے پہلے دن 75 فیصد سے کم حاضری رکھنے والے 4204طلبا کو نکال دیا گیا۔ان طلبا کی برطرفی کے خلاف شہر کے شیشادری پورم اور دیگر مقامات پر طلبا کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔