ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پنجاب کے متنازعہ پولیس افسر سلوندر سنگھ پر اب عصمت دری کا الزام

پنجاب کے متنازعہ پولیس افسر سلوندر سنگھ پر اب عصمت دری کا الزام

Fri, 05 Aug 2016 21:18:09    S.O. News Service

گرداس پور،5؍اگست (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اسی سال جنوری میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پرہوئے دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے)کے ذریعہ کی گئی تفتیش کی وجہ سے سرخیوں میں رہے پنجاب کے متنازعہ پولیس افسر سلوندر سنگھ پر جمعرات کو عصمت دری اور رشوت لینے کا الزام لگایا گیا ہے۔ریاست کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سے کی گئی شکایت کی بنیاد پر کی گئی محکمہ جاتی جانچ کے بعدسلوندر سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیاہے۔گرداس پورکے ڈی ایس پی پر مندر سنگھ نے بتایاکہ ایک سرکاری ملازم نے سلوندر سنگھ کے خلاف شکایت درج کروائی تھی کہ انہوں نے (سلوندرسنگھ نے) 2014میں ان کی بیوی پرجنسی حملہ کیا۔اور59000روپے کی رشوت مانگی تھی، اب محکمہ جاتی تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ سلوندر سنگھ کے خلاف اس کے علاوہ مبینہ جنسی حملہ کے دیگر معاملات میں بھی جانچ چل رہی ہے جو بعض خواتین کا نسٹیبلوں نے درج کرائے تھے۔پنجاب کے پاکستان سے ملحقہ گرداس پور ضلع میں پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی)رہے سلوندر سنگھ نے پٹھان کوٹ میں واقع فضائیہ اسٹیشن پر ہوئے حملے کے بعد دعوی کیا تھا کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں نے ان کے باورچی اور ایک جیولر دوست کے ساتھ ان کو اغوا کر لیا تھا۔دہشت گردوں نے ان کی سرکاری گاڑی چھین لی تھی، اور اسی کے ذریعہ وہ پٹھان کوٹ میں داخل ہوئے، اور پھر 2؍جنوری کو فضائیہ کے اسٹیشن پر حملہ کیا، ایئر فورس اسٹیشن پر ہوئے اس حملے میں سات سیکورٹی شہید ہوئے تھے جبکہ 20زخمی ہو گئے تھے۔


Share: