واشنگٹن ،11 فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پناہ گزینوں اور سات مسلمان ملکوں کے باشندوں کے امریکا داخلے پر پابندی کا فیصلہ عدالت کی جانب سے معطل کیے جانے کے بعد بھی اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ انہوں نے پناہ گزینوں کی آمد روکنے کے لیے ایک نیا ایگزیکٹو آرڈر تیار کرنے پرغور شروع کیا ہے جس کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔سرکاری ایئر فورس ون کے ہوائی جہاز میں سفر کے دوران اپنے ہمراہ سفر کرنے والے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پناہ گزینوں کی آمد روکنے کا معاملہ قانونی الجھنوں کی وجہ سے وقت طلب بن گیا مگر اس جنگ میں فتح ہماری ہوگی۔ ہمارے پاس متبادل آپشن موجود ہیں۔ ہم نیا ایگزیکٹو آرڈر تیار کرسکتے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے تک اس ضمن میں کوئی پیش رفت نہیں ہوگی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیاپنے پہلے حکم نامے میں سات مسلمان ملکوں کے باشندوں کے 90روز تک امریکا میں داخلے پر پابندی اور پناہ گزینوں کی غیر معینہ مدت تک پابندی شامل تھی مگر امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے صدر کا ایگزیکٹو آرڈر معطل کردیا تھا۔ اس وقت صدر ٹرمپ کا آرڈر سان فرانسسکو کی اپیل کورٹ میں ہے۔واشنگٹن سے فلوریڈا جاتے ہوئے ہوائی جہاز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ نئے ایگزیکٹو آرڈر کے بارے میں غور کررہے ہیں۔ اگر انتظامیہ اس معاملے میں متحرک ہوئی تو آئندہ سوموار یا منگل کو نیا حکم نامہ جاری کرسکتے ہیں۔