جموں، 9؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اونتی پورہ علاقے کے پڈگاؤں پورہ میں جمعرات کی صبح سے دہشت گردوں کے ساتھ جاری تصادم میں سیکورٹی فورسز نے دو دہشت گردوں کو مار گرایا ہے۔ہلاک ہوئے دہشت گردوں کی شناخت لشکر طیبہ کے جہانگیر احمد اورشفیق شیرگوجری کے طور پر ہوئی ہے۔سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے دہشت گردوں کی دھر پکڑ کے لیے مہم چھیڑرکھی ہے۔ اس درمیان مقامی لوگوں نے تصادم کی جگہ پر دہشت گردوں کی مدد کرنے کی نیت سے سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ بھی کیا جس کے بعد پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے کارروائی کی ہے۔تصادم کو دیکھتے ہوئے بانہال سے سری نگر تک چلنے والی ریل سروس کو بھی بند کر دیا گیا ہے اور بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز تصادم کی جگہ پر پہنچ گئی ہیں،سیکورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ اونتی پور ہ علاقے کے پڈگاؤں پورہ میں دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں جس کے بعد فوج کی 55قومی رائفلس ، جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور مرکزی ریزرو پولیس فورس کے جوانوں نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی مہم چلائی ہے۔ سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد دونوں جانب سے تصادم شروع ہو گیا ۔