ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پلوامہ ضلع میں بھی کرفیو لگایا گیا، وادی میں پابندی کا سلسلہ جاری

پلوامہ ضلع میں بھی کرفیو لگایا گیا، وادی میں پابندی کا سلسلہ جاری

Thu, 25 Aug 2016 18:43:09    S.O. News Service

سری نگر ، 25؍اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پلوامہ ضلع میں بھی آج کرفیو لگا دیا ہے جبکہ سری نگر اور اننت ناگ شہر کے کچھ علاقوں میں کرفیوکاسلسلہ پہلے سے ہی جاری ہے۔حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئے پر تشددمظاہروں کی وجہ سے وادی کے باقی حصوں میں چارلوگوں کے جمع ہونے پر آج مسلسل 48ویں دن بھی پابندی عائد ہے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ شہر کے اہم علاقوں کے پانچ تھانہ علاقوں اور بیرونی علاقے کے بٹمالو اور میسوما علاقے میں کرفیو جاری ہے۔جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں بھی کرفیو لگا دیا گیا ہے جبکہ قانون وانتظام کی صورت حال کے پیش نظر اننت ناگ میں آج بھی کرفیو جاری رہے گا۔کل پلوامہ میں جھڑپوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی تھی جس کے پیش نظر یہاں کرفیو لگادیا گیا ہے۔منگل کو صورت حال میں بہتری کے پیش نظر انتظامیہ نے سری نگر کے بیشتر علاقوں سے کرفیو ہٹا لیا تھا۔پابندی ہٹائے جانے کے بعد سے گزشتہ دو دنوں میں شہر کے وسط میں واقع لال چوک کے ارد گرد نجی گاڑیوں اور آٹورکشہ کی آمدورفت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔حالانکہ افسر نے بتایا کہ قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے وادی کے باقی حصوں میں چار یا اس سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر تعزیرات ہند کی دفعہ 144کے تحت لگی پابندی جاری ہے۔اس درمیان، کرفیو ، پابندیوں اور علیحدگی پسندوں کی ہڑتال کے اعلان کی وجہ سے مسلسل 48ویں دن بھی معمولات زندگی ٹھپ ہے۔دکانیں، نجی دفاتر ، تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپ بند ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہیں۔افسر نے بتایا کہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی حاضری متاثر ہوئی ہے۔پوری وادی میں موبائل پر انٹرنیٹ سروس بھی مسلسل بند ہے جبکہ پری پیڈ موبائل سے آؤٹ گوئنگ کال کی سہولت پر روک لگی ہوئی ہے۔وانی کی ہلاکت کے خلاف ہوئے مظاہرے کے دوران شہریوں کی موت کے خلاف تحریک کی قیادت کر رہے علیحدگی پسند گروپ نے وادی میں یکم ستمبر تک بند کا اعلان کیا ہے۔اب تک 66افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ کئی ہزار افراد زخمی ہیں۔


Share: