بھٹکل 7؍نومبر (ایس او نیوز) کرناٹکا پتر کرتا سنگھا اور انڈین جرنلسٹ ایسوسی ایشن الحاق شدہ پتر کرتا سنگھا بھٹکل کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے اشتراک سے بھٹکل میں دو روزہ ریاستی کانفرنس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ جس کے دوران 'بھٹکا کلنکا ایوارڈ 'کی تقسیم ہوگی اور پترکرتا سنگھا کی مجلس عاملہ میٹنگ بھی ہوگی۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق یہ کانفرنس 26اور27نومبر کوکملا وتی رامناتھ شانبھاگ ہال میں منعقد کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان پترکرتا سنگھا کے ریاستی صدرمروگیش شیو پوجی، ضلع پتراکرتا سنگھا کے صدرٹی بی ہری کنتھ اور بھٹکل تعلقہ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے صدر وشنو دیو اڈیگا نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ حال کے دنوں میں جمہوریت کا چوتھاستون کہی جانے والے صحافت اور صحافیوں پر حملے اورجان سے ماردینے کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں۔ اس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے درپیش مسائل اور خطرات کا جائزہ لیا جائے گا۔اس کے علاوہ صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں مزید نتیجہ خیز طریقے پر انجام دینے کے سلسلے میں غور وخوض اور رہنمائی کی جائے گی۔
ایک زمانہ سے جاسمین پھولوں کی خوشبو کے لئے مشہور شہر بھٹکل پچھلے کچھ دنوں سے دہشت گردی کے حوالے سے بدنام ہوا جارہا ہے۔ چند ایک لوگوں کی غلط کاری سے پورے شہر کو شرم سے سر جھکانے کا موقع آگیا ہے۔ لہٰذا بھٹکل کی پرانی تاریخ ، امن و شانتی اور یہاں کے پیار ومحبت بھرے ماحول کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوگی اور عوام تک ان باتو ں کو پہنچانے کا اہتما م کیا جائے گاتاکہ بھٹکل کی پیشانی پر لگنے والے اس داغ کو مٹایا جاسکے۔
اس موقع پرصحافتی میدان میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی ضلع شمالی کینرا کی دو اہم شخصیات کوبھٹکل پترا کرتا سنگھا کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں 'بھٹکا کلنکا ایوارڈ 'تفویض کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ہمہ لسانی مشاعرہ،پینل ڈسکشن،سینئر صحافیوں ، مقامی اخباروں کے ایڈیٹروں اور سینئر سماجی خدمت گاروں کی تہنیت بھی کی جائے گی۔اس کانفرنس میں جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے علاوہ ریاست اوربیرون ریاست کے مختلف اخباروں سے اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ500سے زیادہ صحافیوں کی شمولیت متوقع ہے۔