ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پاکستان:سعودیہ میں پھنسے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کے لیے 50کروڑ مختص

پاکستان:سعودیہ میں پھنسے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کے لیے 50کروڑ مختص

Fri, 05 Aug 2016 20:46:36    S.O. News Service

اسلام آباد5اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں نوکریوں سے فارغ ہونے کے بعد واجبات کے منتظر ہزاروں پاکستانی شہریوں کے خاندانوں کے لیے وزیر اعظم نواز شریف نے50کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کو فی خاندان50ہزار روپے دیے جانے کی منظوری دے دی ہے۔پاکستانی وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانی اینڈ ہیومن ریسورسز ڈیلوپمنٹ کی وزارت کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ جلد از جلد متعلقہ خاندانوں کی فہرست ترتیب دیں اورجتناجلدہوسکے فی خاندان50ہزار روپے کے چیک ان میں تقسیم کر دیے جائیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے نوکریوں سے فارغ ہونے کے بعد واجبات کے منتظرپاکستانی اورانڈین شہریوں سمیت ہزاروں ایشیائی باشندوں کی مددکاوعدہ کیاتھا۔پاکستان، انڈیا اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد سفارتخانوں اور امدادی تنظیموں کی جانب سے دی جانے والی امدادپر گزارا کر رہے ہیں۔اس سے قبل سعودی ذرائع ابلاغ کاکہناتھاکہ حکام نے یہاں پھنسے ہوئے مزدوروں کی مدد کے لیے ہنگامی طور پر رہائش اورملک چھوڑنے پر پابندیوں میں نرمی لانے کا وعدہ کیا ہے۔سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظور الحق نے پاکستان کے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک کمپنی میں کام کرنے والے تقریباً7500پاکستانی متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک اور کمپنی میں تقریباً500پاکستانی ہیں جنھیں کئی مہینوں سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان پاکستانیوں کو مختلف شہروں میں کیمپس میں رکھاگیاہے اورپاکستانی حکام ان محنت کشوں اور سعودی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔اس معاملے میں یہاں کی حکومت بھی کوشش کر رہی ہے اور ان کمپنیوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ان مزدوروں کے واجبات اداکریں اور ان کی مشکلات حل کریں۔منظور الحق کا کہنا تھا کہ کیمپوں میں مقیم پاکستانیوں کو کھانے پینے کی اشیا بروقت پہنچائی جا رہی ہیں۔


Share: