پونے، 2 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج کہا کہ فوج کے جوان چندو بابو لال چوہان کو پاکستان سے واپس لانے کے لیے ڈی جی ایم او کے ذریعے ایک مضبوط نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔چوہان غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے جس کے بعد پاکستانی فوج نے انہیں پکڑ لیاتھا ۔انہوں نے کہاکہ وہ سرحد پار کر گئے، ایسا سرحدی علاقوں میں ہوتا رہتا ہے۔ڈی جی ایم او (فوجی مہم کے ڈائریکٹر جنرل )کے ذریعے ایک مضبوط نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔گذشتہ 30؍ستمبر کو 37قومی رائفلس کے جوان چوہان غلطی سے کنٹرول لائن پار کر گئے تھے۔ڈی جی ایم او نے ہاٹ لائن پر پاکستان کو اس کی معلومات دے دی ہے۔فوج نے کہاکہ دونوں ہی طرف فوج اور عام شہریوں کے ذریعہ غلطی سے سرحد عبور کر جانا عام بات نہیں ہے۔انہیں موجودہ نظام کے ذریعے واپس لے آیا جاتا ہے۔جمعہ کو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چوہان کے خاندان کو فون کرکے اس کی رہائی کے لیے پوری کوششیں کئے جانے کو لے کر یقین دہانی کرائی تھی ۔راج چوہان کے ساتھ ہوئے واقعہ کی خبر سن کر اس کی دادی کی صدمے سے موت ہو گئی تھی ۔پاریکر نے ساتھ ہی کہا کہ لوگوں کو محتاط رہنا چاہیے اور کسی بھی غیر معمولی چیز کی پولیس کو معلومات دینی چاہیے ۔