نئی دہلی، 16جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پارلیمانی معاملے پر کابینہ کمیٹی(سی سی پی اے)میں ردوبدل کی گئی ہے اور اسمرتی ایرانی کو خصوصی مدعو کے طور پر اس کمیٹی سے ہٹا دیا گیا ہے اورفروغ انسانی وسائل کی وزارت میں ان کے جانشین پرکاش جاؤڑیکر کو نامزد کرکے اس کاممبربنایاگیاہے۔اسی ہفتے مرکزی کابینہ سے استعفی دے چکیں اقلیتی امورکی وزیر نجمہ ہیبت اللہ اب اس پینل کی رکن نہیں رہیں۔کابینہ میں حالیہ ردوبدل میں ایرانی کو فروغ انسانی وسائل کی وزارت سے ہٹا کر کپڑا وزارت میں بھیج دیا گیا تھا۔جاؤڑیکر پہلے اس کمیٹی میں خصوصی مدعو تھے۔نئے وزیر قانون روی شنکر پرساد نے اس پینل میں اپنے پیشرو ڈی وی سدانند گوڑا کی جگہ لی ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت کے عہدے سے ہٹائے گئے راجیو پرتاپ روڈی بھی خصوصی مدعو کے طور پر کمیٹی سے باہر کر دئے گئے ہیں۔ان کی جگہ ایس ایس اہلووالیہ نے لی ہے جو اب وزارت میں جونیئر وزیر ہیں۔وزارت قانون میں شامل نئے وزیر پی پی چودھری بھی خصوصی مدعو بنائے گئے ہیں۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی صدارت والی سی سی پی اے کو پارلیمنٹ سیشن کی تاریخوں کی سفارش کرنے کا حق حاصل ہے،اس میں تین خصوصی مدعوسمیت11رکن ہیں۔اس کے دوسرے رکن مرکزی وزیر سشما سوراج، ارون جیٹلی، ایم وینکیانائیڈو،رام ولاس پاسوان، اننت کمار ہیں۔کابینہ سیکریٹریٹ کی طرف سے جاری نئی فہرست کے مطابق پارلیمانی امورکے وزیر مملکت مختار عباس نقوی ایک اورخصوصی مدعوہیں۔