بنگلورو ،8؍مارچ (ایس او نیوز ) ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو ) کے صدرنشین اے ایس کرن کمار نے آج کہا ہے کہ ہندوستانی خلائی ٹکنالوجی کی پیش رفت میں خواتین نے اہم کارنامہ انجام دیا ہے او ریہ اسرو میں واضح ہوچکا ہے ۔انہوں نے خلا اور دیگر ٹکنالوجیز کی ترقی میں خواتین کے رول کی ستائش کی او رکہا یہ موزوں وقت ہے کہ مرد اور عورتیں اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے عالمی سطح کی ٹکنالوجی کی ترقی کے لئے ملک کو لے جانے کے لئے کام کریں۔ مسٹرکمار نے کنڑا ساہتیہ پریشد کی جانب سے نکالی جانے والی استری جاگرتی میگزین کی رسم اجراء کے موقع پر خطاب کیا۔ یہ میگزین بین الاقوامی یوم خواتین تقاریب کے موقع پر نکالی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اسرو نے خلائی ٹکنالوجی میں مہارت حاصل کی ہے ۔ مختصر وقفہ میں اس کے کارناموں نے عالمی توجہ اپنی طرف مبذول کرلی ہے اور خاتون ٹکنالوجسٹس کا ایجنسی میں رول رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عصر ی سائنس اورٹکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے سماجی مسائل کے حل کے لئے خواتین کے آگے آنے کا یہ موزوں وقت ہے ۔ اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہ فطرت میں کوئی جنسی امتیاز نہیں ہے ' کمار نے کہا کہ انہیں اس بات کا صدمہ پہنچا ہے کہ خواتین کے گروپس 21ویں صدی میں بھی اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔کنڑا ساہتیہ پریشد کی صدر مانو بالیگر نے کہا کہ خواتین نے گیارہویں صدی سے سماج کی ترقی میں کلیدی رول ادا کیا۔ عظیم جنگجو جیسے کتور رانی چنماں،رانی ابکا بیلاواڑی ملمااوناکے اوباواجھانسی رانی لکشمی بائی نے انگریزوں کے خلاف لڑائی لڑی اور یہ ثابت کیا کہ وہ جنگ کے میدان میں بھی مردوں کے مساوی ہیں۔