پٹنہ، 24؍جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ہوڑہ-گورکھپور پوروانچل ایکسپریس میں سوار ایک نابالغہ کا مبینہ جنسی استحصال کرنے کے الزام میں بی جے پی کے ایک ایم ایل سی کو حاجی پور میں ریلوے پولیس نے آج گرفتار کر لیا۔مظفر پور کے ریلوے پولیس سپرنٹنڈنٹ(ایس آرپی )بی این جھانے بتایاکہ12سالہ لڑکی کے والدین کی طرف سے تحریری طورپرکی گئی ایک شکایت کی بنیاد پر بی جے پی رکن ٹننا جی پانڈے کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ والدین نے شکایت کی ہے کہ حاجی پور جنکشن کے پاس سرائے اسٹیشن کے قریب پانڈے نے علی الصباح تقریباََتین بجے اے سی - 2کوچ میں مبینہ طور پر ان کی بیٹی کا بوسہ لیا اور اسے اپنے ساتھ ٹوائلٹ آنے کو کہا۔خوفزدہ لڑکی نے شور مچایا جس کے بعد کوچ میں کسی اور سیٹ پر سفر کر رہے اس کے والدین وہاں پہنچے۔ایس پی نے بتایا کہ ایم ایل سی کو ٹرین میں سوار ریلوے پولیس کی ٹیم نے گرفتار کر لیا اور جی آر پی حاجی پور کے حوالے کردیا۔متاثرہ خاندان اترپردیش میں ہاوڑہ سے گورکھپور جا رہا تھا جبکہ پانڈے درگاپور سے حاجی پور جا رہے تھے۔پانڈے شراب کے کاروباری ہیں اور سیوان میں مقامی باڈی کوٹہ سے قانون سازکونسلر ہیں۔ایس پی نے بتایا کہ ایم ایل سی کے خلاف جی آر پی حاجی پور میں آئی پی سی کی دفعہ 354(اے ، جنسی عمل کے لیے درخواست یا مطالبہ ، اور پوسکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔بہرحال، قانون سازکونسلر نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی نے اس وقت شور مچایا جب انہوں نے اپنا موبائل چارجر نکالنے کے لیے لائٹ کا سوئچ آن کیا۔جی آر پی تھانہ میں نامہ نگاروں کو پانڈے نے بتایا کہ انہوں نے لڑکی کے والدین کو بتایا تھا کہ انہیں حاجی پور میں اترنا تھا جس کی وجہ سے پلگ سے موبائل فون کا چارجر نکالنا تھا اور اسی لیے انہوں نے لائٹ کا سوئچ آن کیا تھا۔واقعہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے بہار ریاستی صدر منگل پانڈے نے میڈیاکوپٹنہ میں بتایا کہ پارٹی اور معلومات جمع کر رہی ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پارٹی ایم ایل سی کے خلاف کارروائی پرغورکرے گی ؟۔انہوں نے کہاکہ اس وقت میں صرف یہ کہہ سکتا ہوں کہ پارٹی واقعہ کے بارے میں تفصیلی معلومات جمع کررہی ہے۔جدیو کے قانون ساز کونسلر اور پارٹی کے چیف ترجمان سنجے سنگھ نے واقعہ کی مذمت کی اور کہاکہ ہم انتظارکررہے ہیں کہ معاملے میں قانون سازکونسلر کے خلاف بی جے پی کیا کارروائی کرتی ہے۔