ممبئی، 21؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ اور کیرالہ پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے فاونڈیشن سے مبینہ طور پروابستہ ایک نوجوان کو آج گرفتار کرلیا ہے ۔نوجوان کی گرفتاری کوچی میں اس کے خلاف درج ایک معاملہ کے سلسلے میں ہوئی ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے آئی آر ایف فاونڈیشن سے وابستہ ارشد قریشی کو نوی ممبئی سے گرفتار کیا گیا ہے۔اس کے خلاف کوچی میں آئی پی سی کی دفعہ 120(بی)مجرمانہ سازش اوردفعہ153(اے)(مختلف گروپوں کے درمیان نفرت پھیلانا ) کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سرگرمی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس کو نوی ممبئی کی بیلاپور کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 25؍جولائی تک کیرالہ پولیس کی ٹرانزٹ ریمانڈ میں بھیج دیا گیا۔کیرالہ پولیس اب اسے کوچی کی عدالت میں پیش کرے گی۔