سینٹ جونز،6اگست؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ویسٹ انڈیز کو 2012اور 2016میں ورلڈ ٹی 20چمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی نے دعویٰ کیاہے کہ سلیکشن کمیٹی کے صدرنے ان سے30سیکنڈ تک فون پر بات کرکے کپتان کے عہدے سے ہٹا دیا۔اس 32سالہ آل راؤنڈر نے اپنے فیس بک پیج پر جذباتی ویڈیو پوسٹ کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ چھ سال تک چلا کپتانی کا ان کا دور اقتدار ختم ہو گیا ہے۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ انہیں ٹیم سے بھی باہر کر دیا گیا ہے۔سیمی نے ویڈیو میں کہا کہ میرے پاس کل فون آیا تھا جس میں سلیکشن کمیٹی کے صدر نے 30سیکنڈ میں مجھے بتا دیا کہ انہوں نے ٹی 20ٹیم کی کپتانی کا جائزہ لیا اور میں اب کپتان نہیں رہوں گا اور میری کارکردگی ٹیم میں انتخاب کے قابل بھی نہیں ہے۔سیمی کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز نے چار سال پہلے سری لنکامیں اور پھر اس سال ہندوستان میں ورلڈ ٹی 20کا خطاب جیتا تھا لیکن اس سال خطاب جیتنے کے بعد انہوں نے ایوارڈتقسیم تقریب میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔